
لاہور، نو تعینات آئی جی پنجاب رائو سردار نے پولیس کیلئے نئی پالیسی لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اسٹیشنز کے رویئے کو درست کر کے ریفارمز کی جائیں گی ، اعتماد پر وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ کا مشکور ہیں ۔
بدھ کو عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں سب سے پہلے اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتا ہوں کہ اللہ نے مجھے عوام کی خدمت کا موقع دیا اور وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا، مجھے جتنی دیر توفیق ملی میری کوشش ہو گی کہ پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنائوں اور عوام میں تحفظ کا احساس پیدا ہو،ظالم کا ہاتھ رکے ،مظلوم کا سہارا بنوں ،یہ پولیس کے بنیادی کام ہیں۔ آئی جی پنجاب را ئوسردار کا مزید کہنا تھااس کے علاوہ پولیس کے بڑے کام امن و امان کا قیام،جان و مال کی حفاظت، جرائم کی روک تھام،جرائم کا اندراج اور اس کی درست تفتیش ہیں آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کئی واقعات میں ثبوتوں کی کمی کے باعث ملزمان ریلیف حاصل کرتے ہیں ،اس حوالہ سے اچھے تفتیشی اور تمام وسائل بروئے کار لا کر ثبوتوں کو مکمل کرکے تفتیش کی جائے گی تاکہ انصاف ہو، میری سب سے پہلی ترجیح پولیس اسٹیشن کے نظام کو درست کرنا ہے چونکہ کوئی بھی ریفارم پولیس اسٹیشن کو ٹھیک کئے بغیر نہیں کی جاسکتی ، شہریوں کو پولیس اسٹیشن میں ریلیف دیا جائے گا، انہیں کسی کو رشوت دے کر کام کروانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، پولیس اسٹیشن میں سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے برتائو کو ترجیح دی جائے اور اس کی داد رسی کی جائے کرپشن کرنے والے اہلکار و افسران برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب را سردار نے جونئیر اور سینئر افسران کے درمیان پھیلی بدمزگی کو بھی دور کرنے کا ذکر کیا اور کہا کہ میری کوشش ہو گی کہ سینئیر و جونئیر افسران کے درمیان پھیلی غلط فہمیوں کو دور کیا جائے، ٹیم کے تمام ممبران کے مخلص ہونے سے ٹیم کامیاب ہوتی ہے، پولیس کے ویلفئیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس میں بھی تبدیلی لائیں گے تاکہ فورس کے جوانوں کو فائدہ ہو۔ آئی جی پنجاب رائو سردار نے مظہر فاروق کو پولیس ویلفئیر کو بہتر بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں جبکہ میڈیا سے خبر کی تصدیق کر کے چلانے کا کہا تاکہ معاشرہ میں انارکی نہ پھیلے۔