اسلام آباد،کورونا کیسز میں اضافے کے باعث اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبر پختونخواکے 24 اضلاع میں 12 ستمبر تک نئی پابندیاں عائد کردی گئیں۔
جمعہ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی)نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کی،این سی او سی نے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کورونا وائرس سے زیادہ متاثر اضلاع میں پنجاب کے 15، خیبرپختونخوا کے 8اضلاع شامل ہیں، متاثرہ اضلاع میں ہرقسم کی ان ڈور آوٹ ڈور تقریبات پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دیدی گئی،این سی او سی کے مطابق متاثرہ 24اضلاع میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، تعلیمی ادارے اور ان ڈور جم پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، متاثرہ اضلاع میں پابندیاں 4 سے12ستمبر تک نافذ کی گئی ہیں،پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالا، شیخوپورہ ، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، ملتان، بہاولپور، خانیوال، رحیم یار خان شامل ہیں،این سی او سی کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع میں پشاور،صوابی،مالاکنڈ،سوات، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد اورڈی آئی خان شامل ہیں۔علاوہ ازیں کورونا وائرس سے 57 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 26 ہزار 35 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 11 لاکھ 71 ہزار 578 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 787 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 97 ہزار 694، سندھ میں 4 لاکھ 35 ہزار 159، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 63 ہزار 677، بلوچستان میں 32 ہزار 329، گلگت بلتستان میں 9 ہزار 993، اسلام آباد میں ایک لاکھ 242 جبکہ آزاد کشمیر میں 32 ہزار 329 کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 79 لاکھ 31 ہزار 365 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59 ہزار 745 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 10 لاکھ 55 ہزار 467 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 606 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 57 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 26 ہزار 35 ہوگئی۔ پنجاب میں 11 ہزار 979، سندھ میں 6 ہزار 932، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 41، اسلام آباد میں 868، بلوچستان میں 339، گلگت بلتستان میں 174 اور آزاد کشمیر میں 702 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔خیبر پختونخوا میں ہری پور، مالاکنڈ، مانسہرہ، صوابی، ڈی آئی خان، سوات،ایبٹ آباد اور پشاور میں پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔