اسلام آباد،وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) انتظامیہ سیکٹر ڈویلپمنٹ کے حوالے سے چیئرمین عامر علی احمد کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس کو ممبر انجینئرنگ، سی ڈی اے نے سیکٹر ڈویلپمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکٹر I-15/1 اور سیکٹر I-15/3 میں ترقیاتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، ان سیکٹرز میں ترقیاتی کام تعطل کا شکار تھے جن کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ سیکٹر I-15/1 اور I-15/3 کے ترقیاتی کام تقریبا تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں ل،ہذا بقیہ کاموں کو فوری مکمل کر کے ان سیکٹرز کے 3000الاٹیوں کو ستمبر کے تیسرے ہفتے میں قبضہ حوالے کر دیاجائے۔اس ضمن میں ممبر انجینرنگ نے اجلاس کو بتایا گیا کہ ان الاٹیز کو 2005میں الاٹمنٹ جاری کی گئی تھی تاہم ترقیاتی کام تعطل کا شکار ہونے کی وجہ سے ان کو قبضہ حوالہ نہ کیا جا سکا۔انہوں نے بتایا کہ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے تعطل کے شکار سیکٹرز میں ترقیاتی سرگرمیوں کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کیا ہے۔ ان سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کیلئے ٹینڈرز جاری کیے گئے جن کے مطابق 18ماہ کی مدت میں تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا تھا لیکن موجودہ انتظامیہ کی شب وروز کی محنت سے 12ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے قبل پارک انکلیو کے ترقیاتی کاموں کو بھی موجودہ انتظامیہ نے خصوصی توجہ دیتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر کام مکمل کر کے الاٹیوں کو قبضہ حوالہ کیا گیا ۔اس ضمن میں چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایات جاری کیں کہ ان مکمل ہونے والے سیکٹرز کے الاٹیوں کو 3ہفتوں کے اندر قبضہ حوالہ کیا جائے۔ مزید برآں انہوں نے انجینئرنگ ونگ اور متعلقہ شعبوں کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ادارے کے افسران و ملازمین اسی طرح محنت سے اپنے فرائض منصبی انجام دے کر ادارے کے نام کو روشن کریں۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سیکٹر I-15/2 کے ٹینڈر بھی جلد جاری کیا جائے تاکہ الاٹیوں کو جلد قبضہ حوالہ کیا جائے۔