نئی دہلی، بھارت میں نایاب نسل کی مچھلی نے غریب ماہی گیروں کو راتوں رات کروڑ پتی بنا دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق غریب بھارتی ماہی گیر پابندی ہٹنے کے بعد پہلے ہی روز شکار پر پہنچے جہاں ان کی قسمت جاگ اٹھی اور ماہی گیروں نے ایک رات میں ہی سوا کروڑ روپے سے زائد کما لیے۔ مچھلی کے شکار پر جانے والے کشی کے ناخدا چندرا کانت اور ان کے ساتھیوں نے سمندر میں جال پھینکا تو کچھ ہی دیر میں ان کے جال میں بیش قیمت مچھلی سوا لگ گئی۔نایاب مچھلی کے شکار نے مچھیروں کو حیرت میں ڈال دیا اور ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔ کشتی کے ناخدا نے سال پر پہنچنے سے قبل ہی شکار کی گئی مچھلیوں کی ویڈیو اپنے دوستوں کو بھیج دی جو کہ جلد ہی وائرل ہو گئی اور جب مچھیرے ساحل پر پہنچے تو مچھلی خریدنے والوں کی لائن لگی ہوئی تھی۔ماہی گیروں نے پکڑی جانے والی 157 مچھلیوں کو فی مچھلی 85 ہزار بھارتی روپے کے حساب سے فروخت کیا اور ایک کروڑ 33 لاکھ بھارتی روپے کما لیے۔ واضح رہے کہ مذکورہ مچھلی کی جھلی سے سرجری کے دھاگے (ٹانکے) بنتے ہیں اور یہ دھاگے جسم کی اندرونی جراحی میں استعمال ہوتے ہیں جس کی وجہ سے یہ مچھلی انتہائی مہنگی فروخت ہوتی ہے۔سوا مچھلی کی اندرونی جھلی سے بننے والے ریشے قدرتی طور پر بایو ڈگریڈیبل ہوتے ہیں اور جسم کے اندر جاکر کچھ عرصے بعد از خود گھل کر ختم ہوجاتے ہیں۔