
شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے 3 اکتوبر کی علی الصبح ملک کے مشرقی علاقے میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے اسٹریٹجک میزائل کی فائرنگ کی مشق کی۔ ورکرز پارٹی آف کوریا کے جنرل سیکرٹری اور ریاستی امور کمیشن کے چیئرمین کم جونگ اُن نےمشق کا معائنہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق مشق کے دوران میزائل نے شمالی کوریا کے مشرقی سمندری علاقے میں مقررہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ مشق کا مقصد ہائپرسونک اسٹریٹجک ہتھیاروں کے نظام سے لیس میزائل فورس کے اہلکاروں کی فائرنگ اور کنٹرول کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا تھا۔
اس موقع پر کم جونگ اُن نے کہا کہ مختلف خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر جوابی صلاحیت کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے اور قومی تعمیر کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔





