
انقرہ: ترکیہ نے نئے درمیانی مدت کے معاشی منصوبے کے تحت 2027 سے 2029 تک دفاعی اخراجات میں 229 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ترک نائب صدر جودت یلماز نے تین سالہ معاشی منصوبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دفاعی صنعت میں ایسا ترکیہ بنانا چاہتی ہے جو اپنی جدید ٹیکنالوجی خود تیار کرے اور دفاعی پیداوار میں اضافہ کرے۔
جودت یلماز کے مطابق عالمی معاشی، تکنیکی اور جغرافیائی سیاسی تبدیلیاں ترک معیشت پر اثر انداز ہورہی ہیں، اس لیے دفاعی صنعت اور ملکی ٹیکنالوجی کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ Politics
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترکیہ میں مہنگائی کم ہونے کا رجحان شروع ہوگیا ہے اور حکومت اس حوالے سے پیش رفت کررہی ہے۔
ترکیہ کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے منصوبوں میں بحری شعبہ بھی شامل ہے۔ ترک بحریہ کے مطابق ملک کا پہلا طیارہ بردار بحری جہاز MUGEM 27 ستمبر 2027 کو سمندر میں اتارنے کا منصوبہ ہے۔
ترک بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ارجومن اوغلو کے مطابق MUGEM سے بغیر پائلٹ طیارے آپریٹ کیے جاسکیں گے جبکہ جہاز سے بغیر پائلٹ بحری اور زیرِ آب گاڑیاں بھی تعینات کی جاسکیں گی۔
ترکیہ کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے ذریعے وہ جدید دفاعی ٹیکنالوجی اور مقامی پیداوار کے میدان میں اپنی صلاحیت مزید بڑھانا چاہتا ہے۔





