
تہران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا کی جانب سے ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کے منصوبے پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کی ایران مخالف پالیسی اب محض ایک مذاق بن چکی ہے۔
اسماعیل بقائی نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ امریکا بحرین جیسے ملک کو آگے لا کر اپنی اتحادی مہم کو کامیاب ثابت کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بحرین کے ساتھ ایران کے تو پہلے سے بھی تقریباً کوئی بامعنی معاشی تعلقات ہی نہیں ہیں، ایران کے کھیلوں اور تعلیمی تبادلے کئی سالوں سے عملاً پہلے ہی معطل چلے آ رہے ہیں، امریکا معطل شدہ امور کو بھی روک کر نئی پابندیوں کے طور پر پیش کر رہا ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ واشنگٹن کی پالیسی کا کوئی جواز نہیں، کیونکہ امریکا ایسی پابندیوں کا اعلان کر رہا ہے جو پہلے ہی عائد ہیں۔ امریکا خلا میں ایران کیخلاف اتحاد بنا رہا ہے۔
اس سے قبل اسماعیل بقائی نے کہا تھا کہ ایران امریکی اقتصادی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے دستیاب تمام دوطرفہ ذرائع اور صلاحیتیں بروئے کار لائے گا اور اقتصادی دباؤ کے باوجود اپنے تجارتی تعلقات برقرار رکھنے کی کوشش جاری رکھے گا۔
واضح رہے امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بحرینی وزیرِ خزانہ شیخ سلمان بن خلیفہ آل خلیفہ سے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے ایران پر مالی دباؤ برقرار رکھنے کے حوالے سے بات چیت کی۔
ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ عرصے میں پابندیوں، جوہری پروگرام اور خطے میں جاری کشیدگی کے باعث اختلافات برقرار ہیں، جبکہ دونوں جانب سے ایک دوسرے کی پالیسیوں پر مسلسل ردعمل سامنے آ رہا ہے۔





