پاکستانتازہ ترین

یوم آزادی کے موقع پر بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب

بیجنگ :اسلامی جمہوریہ پاکستان کے اناسیویں یومِ آزادی کے پُرمسرت موقع پر بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں پر چم کشائی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ ناظم الامور اعزاز خان نے سفارت خانے میں پاکستان کا قومی پرچم لہرایا، جبکہ اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔
تقریب میں صدرِ پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے تہنیتی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت میں تحریکِ آزادی کے دوران دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔اپنے خطاب میں ناظم الامور مسٹر اعزاز خان نے چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترہویں سالگرہ منا رہے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات گہری اور دیرینہ دوستی اور باہمی اعتماد پر استوار ہیں۔تقریب میں قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر مبنی ایک تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔ تقریب میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام، چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور ان کے اہلِ خانہ کے علاوہ چینی میڈیا، دانشور حلقوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker