پاکستانتازہ ترین

کرغیز سفارتخانے کے ناظم الامور کی صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے ملاقات

اسلام آباد: کرغیز سفارتخانے کے ناظم الامور نے ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ سے ایف پی سی سی آئی پریزیڈنٹ سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ، باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان براہ راست روابط بڑھانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطہ کاری میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے پاکستانی کاروباری برادری کا کرغیزستان کا دورہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان تجارت بڑھانے کے لیے جوائنٹ بزنس کونسل کے قیام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس فورم کے ذریعے دونوں ممالک کے تاجروں، صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ ملاقات میں جوائنٹ بزنس کونسل کے قیام کے لیے دونوں جانب سے ضروری اقدامات تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کرغیزستان کی سربراہی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سرگرمیوں اور فعالیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ دنوں میں کرغیزستان میں ایس سی او گورنمنٹ سمٹ کا انعقاد اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او پلیٹ فارم پاکستان، کرغیزستان سمیت رکن ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ کا مؤثر ذریعہ بن سکتا ہے۔

اس موقع پر کرغیز ناظم الامور نے کہا کہ پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹیز کے درمیان براہ راست روابط بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان تعاون کو فروغ دے کر دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو نئی جہت دی جا سکتی ہے۔ کرغیز ناظم الامور نے جوائنٹ بزنس کونسل کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے قیام سے دونوں ممالک کے تاجروں اور صنعتکاروں کے روابط مزید مضبوط ہوں گے اور باہمی تجارت میں اضافے کی راہ ہموار ہوگی۔

ملاقات میں پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلوں، کاروباری روابط کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادے اور باہمی اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker