بین الاقوامیٹاپ سٹوری

امریکا اور ایران نے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کر لیا، رواں ہفتے مذاکرات کا بھی فیصلہ

واشنگٹن:(آئی پی ایس) امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران نے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
ایک سینئر امریکی عہدے دار کے مطابق امریکا اور ایران نے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کر لیا ہے، جب کہ دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز سے متعلق تنازع کے حل کے لیے منگل کے روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقات کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
جنگ بندی کو ابھی صرف 11 دن ہوئے ہیں، مگر یہ غیر یقینی صورت حال کا شکار ہو گئی ہے۔ دونوں جانب سے دوبارہ حملے کیے گئے، جب کہ صدر ٹرمپ نے جنگ دوبارہ شروع کرنے اور ’’کام مکمل کرنے‘‘ کی دھمکی بھی دی۔
دوبارہ لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب جنگ کے خاتمے کے لیے طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)، خصوصاً آبنائے ہرمز سے متعلق شقوں، کی دونوں ممالک نے مختلف تشریحات کیں۔
ایک سینئر امریکی عہدیدار نے ایکسیوس کو بتایا ’’ہم نے تمام عسکری کارروائیاں روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘ ایک دوسرے امریکی عہدیدار نے بتایا کہ فی الحال دونوں ممالک اپنی کارروائیاں روک دیں گے اور بحری جہاز آزادانہ طور پر آمدورفت کر سکیں گے، جب کہ تکنیکی سطح کے مذاکرات جاری رہیں گے۔
دونوں امریکی عہدیداروں اور اس معاملے سے باخبر ایک تیسرے ذریعے نے منگل کو ہونے والی مجوزہ ملاقات کی تصدیق کی۔ مفاہمت کی یادداشت کے تحت ایران نے وعدہ کیا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کرے گا۔ اس کے بدلے میں امریکا نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کر دی۔
گزشتہ ہفتے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران، نائب صدر جے ڈی وینس کی سربراہی میں امریکی وفد نے ایران کے ساتھ اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ امریکی فوج اور پاسداران انقلاب کے درمیان ایک براہِ راست ’’ہاٹ لائن‘‘ قائم کی جائے تاکہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو مربوط کیا جا سکے۔
تاہم ہفتے تک یہ ہاٹ لائن فعال نہیں ہو سکی تھی، جب کہ ایران نے دوبارہ یہ مؤقف اختیار کرنا شروع کر دیا تھا کہ جہازوں کو گزرنے کے لیے پیشگی رابطہ کرنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق منگل کے مذاکرات ابتدا میں سوئٹزرلینڈ میں ایران کے جوہری پروگرام پر ہونے تھے، لیکن کشیدگی میں اضافے کے باعث ان کا مقام تبدیل کر کے قطر کر دیا گیا اور اب ان کا مرکزی موضوع آبنائے ہرمز ہوگا۔ امریکی تکنیکی ٹیم کے سربراہ نِک اسٹیورٹ بھی ان مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker