بین الاقوامیٹاپ سٹوری

ایران کا 6 امریکی فوجی اڈوں، مختلف اسرائیلی شہروں پر میزائلوں سے حملہ، ریاض میں سفارتخانے سے ڈرون ٹکرا گئے

تل ابیب: (آئی پی ایس) ایران نے رات گئے مشرق وسطیٰ میں امریکا کے 6 فوجی اڈوں سمیت اسرائیل کے مختلف شہروں پر میزائلوں سے حملہ کر دیا، سعودی دارالحکومت ریاض میں امریکی سفارتخانے سے 2 ڈرون ٹکرانے کے بعد آگ لگ گئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق ایران نے بحرین، عراق، امارات اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا، امریکی فوجی اڈوں کے علاوہ ایران نے اسرائیل کے مختلف شہروں پر بھی میزائلوں سے حملہ کیا۔

ایران نے اسرائیلی وزیراعظم کے دفتراور اسرائیلی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر پر بھی حملہ کیا، ایرانی میڈیا کے مطابق دونوں حملوں میں خیبر میزائل استعمال کیے گئے، تل ابیب، حیفا اور مشرقی بیت المقدس پر بھی حملے کیے گئے۔

خطے میں کشیدہ صورت حال کے پیش نظر اردن میں امریکی سفارتخانہ خالی کروا لیا گیا، امریکی ایمبیسی کے لاؤڈ سپیکر سے اعلان کیا گیا کہ عملہ محفوظ مقام کی جانب رخ کرے۔

ایران میں شہادتیں 742 ہو گئیں

واشنگٹن ڈی سی میں قائم انسانی حقوق تنظیم کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 85 عام شہری اور 11 فوجی اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ 28 فروری سے شروع ہونے والے امریکی اسرائیلی حملوں کے بعد اب تک مجموعی طور پر کم از کم 742 شہری شہید ہو چکے ہیں۔

ہرانا کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 176 بچے بھی شامل ہیں، جو صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔

اسرائیل کا لبنان میں مزید 59 علاقے خالی کرنے کے لیے انتباہ

اسرائیلی فوج نے جنوبی بیروت کے دو محلوں کے رہائشیوں کو کئی عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت بھی شامل ہے، کیونکہ وہاں جلد فوجی کارروائی متوقع ہے۔

جارح فوج نے ٹیلی گرام پر پیغام جاری کیا کہ لبنان کے 59 علاقوں کے رہائشیوں کے لیے ہنگامی انتباہ، خصوصاً ان دیہات کے مکینوں کے لیے جن کے نام درج کیے گئے ہیں، اپنی حفاظت کے لیے آپ فوری طور پر اپنے گھروں کو خالی کر دیں۔

ریاض میں امریکی سفارتخانے سے ڈرون ٹکرانے کے بعد آگ لگ گئی

سعودی وزارت دفاع کے مطابق واقعے میں عمارت کو جزوی نقصان پہنچا، عمارت خالی ہونے کے سبب کو ئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی سفارت خانے پر دو ڈرون ٹکرانے کے بعد ڈپلومیٹک کوارٹر میں دو دھماکے بھی سنے گئے۔
ادھر امریکی صدر نے ٹرمپ نے کہا کہ ریاض میں امریکی سفارت خانے پر حملے کا ردعمل جلد دکھائی دے گا، ردعمل میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا بھی بدلہ شامل ہوگا۔
اسرائلی فورسز کا ایران پر حملہ، زور دار آوازیں سنی گئیں
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایران کے دارالحکومت تہران میں نشریاتی ادارے کی عمارت سمیت مختلف مقامات کو نشانہ بنایا، اسرائیلی حملوں کے بعد تہران میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کی تصدیق ایرانی میڈیا نے بھی کی۔

روسی میڈیا کے مطابق اردن کے فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ایرانی میزائل روکنے کی کوشش ناکام ہوگئی، جس کے بعد اردن کا میزائل اپنے ہی فوجی اڈے سے جا ٹکرایا اور علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔

قطر کا ایران کے 98 بیلسٹک میزائل اور 24 ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ
قطری وزارت دفاع نے کہا ہے کہ قطر کی حدود میں اب تک ایران کے 101 بیلسٹک، 3 کروز میزائل، 39 ڈرون طیارے داخل ہوئے، قطری دفاعی نظام نے 3 کروز، 98 بیلسٹک میزائل اور 24 ڈرون فضا میں تباہ کردیے۔
ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کو اسرائیل نے دھکیلا، مارکو روبیو نے مان لیا
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کیپٹل ہل پر 8 ارکان کانگریس کو بریفنگ میں کہا کہ ایران پر اسرائیل حملہ کرنے والا تھا، جواب میں امریکا کے نشانہ بننے کا خدشہ تھا، اگر دفاعی رویہ اپنایا جاتا تو امریکا کو زیادہ جانی نقصان اٹھانا پڑتا۔
رکن کانگریس جواکھم کاسترو نے کہا کہ ایران پر حملے کیلئے اکسا کر اسرائیل نے امریکا کو خطرے میں ڈالا، اسرائیل کو روکنے کے بجائے ٹرمپ انتظامیہ جنگ میں شریک ہوگئی۔
ٹرمپ کشیدگی کم کرنے میں مدد کریں، متحدہ عرب امارات اور قطر کا مطالبہ
بلومبرگ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور قطر نے اتحادیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرمپ ایران کے معاملے پر کشیدگی کم کرنے میں مدد کریں، امارات اور قطر ایک وسیع اتحاد بنانا چاہتے ہیں، تاکہ تنازع کا فوری سفارتی حل نکالا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور قطر خطے میں کشیدگی کے پھیلاؤ کو روکنا چاہتے ہیں، اور ایسا حل چاہتے ہیں جس سے توانائی کی قیمتوں میں اضافہ روکا جا سکے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker