
اسلام آباد(ارسلان لون)حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا دشمن بھارت ہے اور ہمیں اپنے دشمن کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔ وہ شہید محمد افضل گورو کی تیرہویں برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔مشعال ملک نے کہا کہ بھارت نے کشمیری مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں اور افضل گورو کو بغیر کسی ثبوت کے صرف ہندو انتہا پسندوں کو خوش کرنے کے لیے شہید کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت یاسین ملک کو بھی پھانسی دینا چاہتا ہے، تاہم کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔انہوں نے کہا کہ میری بیٹی گیارہ سالوں سے اپنے والد سے نہیں ملی، یہ بھارتی ظلم کی زندہ مثال ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں حالات اس قدر خراب ہیں کہ بچوں کو پینے کے لیے دودھ تک میسر نہیں، جبکہ ظالم مودی حکومت کھانے پینے کی اشیا بھی روک دیتی ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ آج کی تقریب کسی ایک شخص کی برسی نہیں بلکہ قربانی کی یاد ہے۔ لاکھوں معصوم لوگوں نے اس ملک اور کشمیر کے لیے قربانیاں دیں، جن کی بدولت ہم آج آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں آزاد ملک میں پیدا کیا اور پاکستان نے بھارت کے خلاف معرکۂ حق میں کامیابی حاصل کی۔انہوں نے بچوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہمارے جھنڈے کی پہچان آپ بچے ہیں، آپ ہی نے ملک کو آگے لے کر چلنا ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ بچوں کو تاریخ پڑھائی جائے تاکہ وہ قربانیوں کی قدر جان سکیں۔ بچوں کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، آج میں آپ سے ملنے اسی شوق میں آئی ہوں۔مشعال ملک نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں عظیم لوگوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور کشمیر پاکستان کے بغیر ادھورا ہے۔ شہید محمد افضل گورو پاکستان اور کشمیر کی پہچان ہیں، جن کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔





