بین الاقوامی

چین اور الجزائر کے درمیان خلائی شعبے میں تعاون کامیاب ہے، چینی صدر

بیجنگ: چین کے صدر شی جن پھنگ اور الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے ایک دوسرے کو تہنیتی پیغامات ارسال کیے، جن میں الجزائر ریموٹ سینسنگ تھری سیٹلائٹ کی جیوچھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کامیاب لانچ پر مبارک باد دی گئی۔ہفتہ کے روز صدر شی جن پھنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ الجزائر ریموٹ سینسنگ تھری سیٹلائٹ منصوبہ، الجزائر ون کمیونیکیشن سیٹلائٹ کے بعد، چین اور الجزائر کے درمیان خلائی شعبے میں ایک اور کامیاب تعاون ہے، جو چین۔الجزائر جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی اہم عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں چین اور الجزائر کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اعتماد مسلسل مضبوط ہوا ہے اور عملی تعاون کے ثمرات بھرپور رہے ہیں۔ صدر شی جن پھنگ نےمزید کہا کہ وہ چین۔الجزائر تعلقات کی ترقی کو بے حد اہمیت دیتے ہیں اور صدر تبون کے ساتھ مل کر مشترکہ کوششوں کے ذریعے چین۔الجزائر جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے مفہوم کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں، تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو بہتر طور پر فائدہ پہنچایا جا سکے۔صدر عبدالمجید تبون نے اپنے پیغام میں کہا کہ الجزائر ریموٹ سینسنگ تھری سیٹلائٹ کی کامیاب لانچ، الجزائر اور چین کے درمیان خلائی تعاون کی ایک اور ٹھوس کامیابی ہے اور دوطرفہ تعلقات کی ترقی کے عمل میں ایک اور اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، جو فریقین کے درمیان تعاون کے امکانات کو مزید وسعت دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ الجزائر چین کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے تیار ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker