پاکستان

تحصیلدار چوہدری شفقت محمود کی نگرانی میں حسن ابدال کی مارکیٹ میں معیار و شفافیت کی مثال قائم

حسن ابدال(آئی پی ایس) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا اور اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال کی واضح ہدایات پر تحصیلدار و سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود کی مؤثر اور شاندار کارکردگی کے باعث تحصیل فتح جنگ کی طرز پر حسن ابدال کو بھی ماڈل تحصیل بنانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ماضی میں مین جی ٹی روڈ حسن ابدال پر قائم یہی بازار مچھلی منڈی یا مویشی منڈی کا منظر پیش کرتا تھا، تجاوزات کی بھرمار کے باعث پیدل چلنے والوں کے لیے گزرگاہ تک موجود نہ تھی، ہر دکاندار اپنی من مانی قیمتیں وصول کرتا تھا جبکہ بدبو دار، گلی سڑی اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت معمول بن چکی تھی جس سے عوام شدید اذیت اور پریشانی کا شکار تھے۔ موجودہ انتظامیہ کی سنجیدہ کوششوں کے نتیجے میں بازار کی مکمل از سر نو تنظیم کی گئی، تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا اور دکانوں کی باقاعدہ لائن اپ بنائی گئی۔ گزشتہ روز سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ و تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے اسی بازار کا تفصیلی دورہ کیا جہاں کسی ایک دکاندار کی جانب سے بھی سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی سامنے نہیں آئی، تمام دکانوں پر ریٹ لسٹ نمایاں طور پر آویزاں تھیں اور اشیاء مقررہ نرخوں پر فروخت کی جا رہی تھیں۔ اس موقع پر چوہدری شفقت محمود نے تاجر برادری کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری اور سستی اشیاء کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، تاجر برادری کے تعاون سے حسن ابدال کو ایک مثالی اور ماڈل تحصیل بنایا جائے گا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker