
بیجنگ :شنگھائی تعاون تنظیم نے اپنے ایک بیان میں ایران میں حالیہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے جس میں عا م شہریوں اور سکیورٹی اہلکار وں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں اور کئی افراد کے زخمی ہو نے کے ساتھ ساتھ شہروں میں بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ تنظیم نے ایران کی حکومت اور عوام سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔بیان میں کہا گیاہے کہ ایران پر یکطرفہ پابندیاں قومی اقتصادی استحکام کو سنگین طور پر خطرے میں ڈالتی ہیں، لوگوں کی فلاح و بہبود کو نقصان پہنچاتی ہیں اور ایران کی حکومت کی سماجی و اقتصادی ترقی کی ضمانت دینے کی صلاحیت کو معروضی طور پر کمزور کرتی ہے۔بیان میں یہ بھی کیا گیا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی مخالفت کرتی ہے، تمام ممالک کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے احترام کے اصول کو مستقل طور پر برقرار رکھتی ہے، بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال یا طاقت کی دھمکی کی مخالفت کرتی ہے، اور موجودہ صورت حال کے پرامن سیاسی حل پر زور دیتی ہے۔





