
دبئی، ابو ظہبی نائٹ رائیڈرز نے گلف جائنٹس کو 32 رنز سے شکست دے کر ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن 4 کے پلے آف کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ مرحلے کے آخری میچ میں اس فتح کے ساتھ نائٹ رائیڈرز ٹاپ فور میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ابو ظہبی نائٹ رائیڈرز اب یکم جنوری کو ایلیمنیٹر ون میں دبئی کیپیٹلز کا سامنا کریں گے، جبکہ 30 دسمبر کو کوالیفائر ون میں ڈیزرٹ وائپرز اور ایم آئی ایمریٹس آمنے سامنے ہوں گے، جس کا فاتح براہِ راست فائنل میں پہنچے گا۔میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نائٹ رائیڈرز کے اوپنرز مائیکل پیپر اور فل سالٹ نے 131 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ پیپر نے 51 گیندوں پر 83 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ سالٹ 56 گیندوں پر 72 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں بلے بازوں کی نصف سنچریوں کی بدولت ٹیم نے 20 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 179 رنز کا مضبوط مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ہدف کے تعاقب میں گلف جائنٹس کی جانب سے معین علی نے تنہا مزاحمت کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ نہ رک سکا۔ جیسن ہولڈر نے ابتدا میں خطرناک بلے بازوں کو پویلین واپس بھیجا، جبکہ سنیل نارائن اور آندرے رسل نے آخری اوورز میں اہم وکٹیں حاصل کر کے میچ نائٹ رائیڈرز کے حق میں کر دیا۔ گلف جائنٹس کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز ہی بنا سکی۔نائٹ رائیڈرز کی جانب سے آندرے رسل نے 13 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، سنیل نارائن نے 2 جبکہ جیسن ہولڈر نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔





