
وفاقی دارالحکومت میں بزنس کمیونٹی کی تذلیل جیسے اقدامات ملکی کاروباری ماحول کو متاثر کر سکتے ہیں،صدر ایف پی سی سی آئی
بزنس کمیونٹی معاشی بحالی کی پالیسیوں کی حمایت کرتی ہے تاہم ایسے اقدامات تسلسل کو خراب کرنے کے مترادف ہیں، بیان
اسلام آباد ()صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے اسلام آباد کی صنعتی و کاروباری برادری کودرپیش مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کی طرف سے مختلف صنعتی یونٹس پر چھاپے افسوس ناک ہیں ،وفاقی دارالحکومت میں بزنس کمیونٹی کی تذلیل جیسے اقدامات ملکی کاروباری ماحول کو متاثر کر سکتے ہیں، فیڈ ریشن ،متعلقہ چیمبر کو اعتماد میں لیے بغیر اٹھائے گئے اقدمات سے انڈسٹری کو نقصان کا اندیشہ ہے ۔عاطف اکرام شیح نے کہا کہ ایسے اقدمات اسلام آباد سے صنعتی یونٹس کی منتقلی کا سبب بن سکتے ہیں جو شہر کی کاروباری ترقی کو متاثر کریگا،ایف پی سی سی آئی صنعتی یونٹس پر چھاپوں کے خلاف اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ کھڑی ہے،ایسے اقدامات کی روک تھام کیلئے سی ڈی اے کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں ،بزنس کمیونٹی معاشی بحالی کی پالیسیوں کی حمایت کرتی ہے تاہم ایسے اقدامات تسلسل کو خراب کرنے کے مترادف ہیں۔





