
ابوظہبی، ابوظہبی ٹی10 لیگ میں ڈیکن گلیڈی ایٹرز نے ڈیوڈوائزاور مارکس اسٹوئنس کی طوفانی بلے بازی کی بدولت رائل چیمپس کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ 134 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دونوں بلے بازوں نے 43 گیندوں پر ناقابلِ شکست 105 رنز کی دھماکے دار شراکت قائم کی اور صرف 9.2 اوورز میں ہدف عبور کر لیا۔
ڈیوڈوائزنے 21 گیندوں پر 59 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 7 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، جبکہ اسٹوئنس نے 22 گیندوں پر 40 رنز بنائے جن میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔اس سے قبل رائل چیمپس کے نکولس پورن نے رشی دھون کے ایک ہی اوور میں تین چھکے اور ایک چوکا جڑ کر اننگز کو تیزی سے آگے بڑھایا، تاہم دھون نے اسی اوور میں انہیں آؤٹ کردیا۔ کپتان جیسن رائے (17) اور نیروشن ڈکویلا (33) نے بھی تیز آغاز فراہم کیا،
جبکہ برینڈن مکملن 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔آخری اوورز میں آرون جونز (28) اور کوئنٹن سیمسن (14 ) نے 43 رنز کا قیمتی اضافہ کر کے اسکور کو تین وکٹوں کے نقصان پر133رنز تک پہنچایا۔تیسرے میچ میں کوئٹہ کووَلری نے 108 رنز کے ہدف کو 7.2 اوورز میں بآسانی حاصل کر کے اجمان ٹائٹنز کو سات وکٹوں سے مات دے دی۔ابتدائی بلے باز ایون لیوس (13) اور اینڈریز گوس (13) نے برق رفتاری سے آغاز کیا، لیکن دونوں تین اوورز کے اندر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد لیام لیونگسٹون اور محمد وسیم نے 20 گیندوں پر 43 رنز کی تیز شراکت قائم کر کے میچ پر گرفت مضبوط کر دی۔ آخر میں خواجہ نافع نے دو چوکے اور دو چھکے لگا کر ٹیم کو شاندار انداز میں ہدف تک پہنچا دیا۔اس سے پہلے ٹائٹنز کی بیٹنگ لائن 12پر تین وکٹوں کے نقصان پر ڈھیر ہوتی نظر آئی، مگر معین علی نے 21 گیندوں پر 59 رنز کی تاریخی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو سہارا دیا۔ ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے اور انہوں نے صرف 19 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ ٹائٹنز نے مقررہ اوورز میں 107/7 رنز اسکور کیے۔کوئٹہ کی جانب سے عباس آفریدی نے 3/15 جبکہ خزعیمہ تنویر نے 2/7 کے شاندار اعداد و شمار حاصل کیے۔





