
دبئی(آئی پی ایس) ابوظبی ٹی10 لیگ کے افتتاحی سیزن کے لیے رائل چیمپس نے انٹرنیشنل کرکٹ کے دو بڑے نام شکیب الحسن اور جیسن روئے کی شمولیت کا اعلان کر دیا۔ ٹیم 19 نومبر کو زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں ویسٹا رائیڈرز کے خلاف اپنے پہلے میچ میں میدان میں اترے گی۔بنگلہ دیش کے نامور آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ رائل چیمپس کے ساتھ کھیلنے کے لیے انتہائی پُرجوش ہیں۔انہوں نے کہا، “ابوظبی ٹی10 لیگ میں رائل چیمپس کا حصہ بن کر بہت خوش ہوں۔
یہ فارمیٹ زبردست رفتار اور فٹنس کا تقاضا کرتا ہے، اور ہماری ٹیم بھرپور جذبے اور مہارت کے ساتھ فتح کے لیے تیار ہے۔”شکیب کا کہنا تھا کہ وہ نئی لیگ میں اپنا بہترین کھیل پیش کریں گے اور پہلے ہی میچ سے ٹیم کی کامیابی کے لیے پُر عزم ہیں۔دوسری جانب انگلینڈ کے جارحانہ اوپنر اور رائل چیمپس کے آئی کون پلیئر جیسن روئے نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا، “رائل چیمپس کا حصہ بننا میرے لیے باعث فخر ہے۔ ٹی10 انتہائی تیز رفتار کرکٹ ہے اور میں میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہوں۔ ہماری ٹیم تجربہ کار کھلاڑیوں اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کا بہترین امتزاج ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے اور اس سیزن کا مقصد صرف کھیل نہیں بلکہ ایک مضبوط شناخت اور ورثہ قائم کرنا ہے۔ہیڈ کوچ سر کورٹنی والش نے دونوں کھلاڑیوں کی شمولیت کو ٹیم کے لیے اہم قرار دیا۔





