
فتح جنگ:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر رائو عاطف رضا اور اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تحصیلدار و پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود عوامی سہولت کے لیے مثالی کردار ادا کر رہے ہیں۔
فتح جنگ کے جناح پارک میں بزرگ شہری واک کے دوران تھک جانے پر زمین پر بیٹھنے پر مجبور ہو جاتے تھے، جس سے انہیں دوبارہ اٹھنے میں دشواری پیش آتی تھی۔ عوامی مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے چوہدری شفقت محمود نے اپنے ذاتی خرچ سے پارک میں مزید 10 بینچز نصب کرا دیے تاکہ بزرگ مرد و خواتین آرام سے بیٹھ سکیں اور واک دوبارہ جاری رکھ سکیں۔
چوہدری شفقت محمود کا کہنا ہے کہ پارک میں روزانہ شہر بھر سے لوگ آتے ہیں، اس لیے عوامی سہولت کے پیشِ نظر یہاں پبلک واش رومز کی تعمیر بھی جلد شروع کی جائے گی، تاکہ شہریوں کو زیادہ بہتر ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے مزید 10 نئے بینچز کا آرڈر بھی دے دیا ہے تاکہ پارک کی سہولیات میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔
عوامی حلقوں نے چوہدری شفقت محمود کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عوامی مسائل کو نہ صرف قریب سے دیکھتے ہیں بلکہ ان کے حل کے لیے عملی اقدامات بھی کرتے ہیں۔
اس سے قبل بھی چوہدری شفقت محمود نے فتح جنگ تحصیل کو ایک ماڈل تحصیل بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کی نگرانی میں تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا، بازاروں میں پرائس کنٹرول کو یقینی بنایا گیا، اور معیاری اشیاء کی فراہمی پر سختی سے عملدرآمد کرایا گیا۔
چوہدری شفقت محمود کی کاوشیں عوامی خدمت کے اس جذبے کی عکاسی کرتی ہیں جو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کا اصل محور ہے ”ریلیف، سہولت اور خدمت“





