
امریکی وفاقی حکومت کا شٹ ڈاؤن بائیسویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔ اس ہفتے، امریکی کانگریس گیارہویں بار وفاقی حکومت کے لئے عارضی بل منظور کرنے کی کوشش میں ناکام رہی۔ فی الحال دونوں جماعتوں کے پاس مذاکرات کے نئے دور کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
واشنگٹن ڈی سی کے ایک امدادی مرکز میں وفاقی ملازمین جن کی اجرت واجب الادا ہے، مفت کھانا حاصل کرنے کے لئے درجنوں میٹر لمبی قطار میں کھڑے رہے۔ امریکی فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق مقامی وقت کے مطابق 18 سے 20 اکتوبر تک ملک کی تقریباً 20,000 ملکی اور بین الاقوامی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ یو ایس نیشنل نیوکلیئر سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن 20 اکتوبر کو اعلان کر چکی ہے کہ اس کے تقریباً 1,400 ملازمین نے اسی دن سے بلا معاوضہ رخصت کا آغاز کرد یا ہے اور اب صرف 400 ملازمین نوکری پر حاضر ہیں۔
22 اکتوبر کو امریکی محکمہ خزانہ کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 21 اکتوبر تک، امریکی وفاقی حکومت کا کل قرض پہلی بار 38 ٹریلین یو ایس ڈالر سے تجاوز کر چکاہے ۔ یہ قرض اگست کے وسط میں 37 ٹریلین یو ایس ڈالر تھا، جس میں صرف دو ماہ میں مزید ایک ٹریلین ڈالر کا ضافہ ہو گیا ہے ۔