
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ہیٹی پر پابندیوں کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی قرارداد منظور کی۔ اس عرصے کے دوران ہیٹی پر سفری پابندیوں، اثاثے منجمد کرنے اور ہتھیاروں کی پابندی کا نفاذ جاری رہے گا، اور قومی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے والے افراد اور اداروں پر پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے فو چھونگ نے اجلاس میں کہا کہ چین ہیٹی پر پابندیوں کی مدت میں ایک سال کی توسیع کے سلامتی کونسل کے متفقہ فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیٹی میں گینگ تشدد بدستور جاری ہے، غیر قانونی ہتھیاروں کی آمد و رفت ہو رہی ہے، ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے خطرات اور زمینی سلامتی کی صورت حال پیچیدہ ہے۔ چین تمام فریقوں، خاص طور پر ہتھیار فراہم کرنے والے بڑے ممالک سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ٹھوس اقدامات کے ساتھ قرارداد پر عمل درآمد کریں۔
فو چھونگ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پابندیاں بحران سے نمٹنے کا محض ایک آلہ ہیں۔ ہیٹی کے متعدد بحرانوں کو حل کرنے کے لیے ایک جامع نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔ چین ہیٹی کو بحران سے نکالنے اور جلد از جلد خود انحصاری حاصل کرنے میں مدد کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔