پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر حسن ابدال میں گراں فروشی اور ملاوٹ کے خلاف کریک ڈاؤن

حسن ابدال (آئی پی ایس) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوامی فلاح و بہبود کے وژن اور عوام کو معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے سلسلے میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا کی خصوصی ہدایات پر تحصیلدار حسن ابدال چودھری شفقت محمود نے جمعرات کے روز صبح سے شام تک مسلسل کارروائیاں کیں۔ چودھری شفقت محمود نے مین جی ٹی روڈ حسن ابدال کے مختلف علاقوں، سبزی منڈی اور ہوٹلوں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا گیا۔

تحصیلدار نے سبزی، پھل، دہی اور دیگر خوردنی اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کے نرخنامے چیک کیے اور نرخنامے آویزاں نہ کرنے والے یا مقررہ قیمتوں سے زیادہ وصولی کرنے والوں پر جرمانے عائد کیے۔ اس دوران متعدد ہوٹلوں میں صفائی کے معیار کو بھی پرکھا گیا اور خلاف ورزی پر تنبیہ و جرمانے کیے گئے۔

چودھری شفقت محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور گراں فروشی، ملاوٹ اور ناقص اشیاء کی فروخت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا کی رہنمائی میں روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں اور ہوٹلوں کا معائنہ جاری رہے گا تاکہ عوام کو معیاری اور سستی اشیاء دستیاب ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے فیلڈ افسران کو متحرک کر دیا گیا ہے اور کسی کو بھی عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

عوامی حلقوں نے تحصیلدار حسن ابدال چودھری شفقت محمود کی ان کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف گراں فروشی میں کمی آئے گی بلکہ عوامی اطمینان اور حکومتی ریلیف پالیسی پر اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker