پاکستان

وزیر زراعت پنجاب کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد کا چین کا دورہ

بیجنگ :وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی قیادت میں صوبہ پنجاب کا ایک اعلیٰ سطح وفد چین کے دورے پر ہے۔ وفد میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری اور سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بھی شامل ہیں۔منگل کے روز محکمہ زراعت، حکومتِ پنجاب کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران وفد نے چائنا ایگریکلچر مشینری ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن (سی اے ایم ڈی اے ) کے عہدیداران سے خصوصی ملاقات اور تفصیلی مذاکرات کئے ۔
وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے میں فارم میکانائزیشن کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کے تحت جدید زرعی مشینری تیار کرنے والی 125 کمپنیاں شامل ہیں، جو پنجاب کے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کی بڑی صلاحیت رکھتی ہیں۔ایسوسی ایشن کی جانب سے پنجاب میں جدید زرعی مشینری کے فروغ میں گہری دلچسپی ظاہر کی گئی، جبکہ حکومتِ پنجاب اور چائنا ایگریکلچر مشینری ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن کے درمیان مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کیا گیا ہے۔
یہ گروپ زرعی مشینری کے تبادلے، تربیت، اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے امور پر کام کرے گا۔وزیر زراعت نے مزید کہا کہ چینی وفد جلد پنجاب کا دورہ کرے گا تاکہ زمینی حقائق کا جائزہ لے کر سرمایہ کاری کے امکانات کو عملی شکل دی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں زرعی میکانائزیشن کے میدان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ چین زرعی شعبے میں ایک عالمی لیڈر ہے، جبکہ پنجاب زرعی خدمات کے لیے ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ بن چکا ہے۔

وفد نے چائنا نیشنل فوڈ اینڈ اسٹریٹجک ریزرو ایڈمنسٹریشن کے ساتھ پوسٹ ہارویسٹ نقصانات میں کمی اور زرعی تحقیق میں تعاون بڑھانے سے متعلق ایک مفاہمتی معاہدے (MoU) پر دستخط بھی کیے۔یہ معاہدہ پاکستان اور چین کے درمیان زرعی شعبے میں پائیدار تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کی ایک نئی سمت متعین کرے گا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker