
بیجنگ:چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن نےیومیہ پریس کانفرنس میں گلوبل لیڈرز کانفرنس آن ویمن کے بیجنگ میں انعقاد پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ کانفرنس میں پانچ براعظموں کے 110 سے زائد ممالک، خطوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے 800 سے زائد چینی اور غیر ملکی مہمان بشمول 20 سربراہان مملکت، حکومتی سربراہان، پارلیمانی رہنما، نائب وزرائے اعظم اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان شرکت کررہے ہیں۔ تمام فریقوں نے چینی صدر شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کی گئی "چار نکاتی تجویز” کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ خواتین کے عالمی امور کی ترقی کے لیے چینی حل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ان مہمانوں کا ماننا ہے کہ صدر شی جن پھنگ کی جانب سے تجویز کردہ پانچ عملی اقدامات نے نئے دور میں ایک بڑے ملک کی حیثیت سے چین کی ذمہ داری کو پوری طرح سے ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال اقوام متحدہ کے قیام کی اسیویں اور خواتین سے متعلق بیجنگ میں ہونے والی عالمی کانفرنس کے انعقاد کی تیسویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ چین موجودہ کانفرنس کو ایک نئے نقطہ آغاز کے طور پر لیتے ہوئے خواتین کی ہمہ جہت ترقی کے نئے عمل کو تیز کرنے اور مشترکہ طور پر بنی نوع انسان کا بہتر مستقبل تخلیق کرنے کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیےتیارہے۔