
دبئی(آئی پی ایس) متحدہ عرب امارات کے فاسٹ باؤلرز جنید صدیق اور محمد روہید نے ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 سیزن 4 کی پہلی پلیئرز نیلامی میں سب کو حیران کر دیا۔ جنید صدیق کو شارجہ واریئرز نے 1 لاکھ 70 ہزار امریکی ڈالر میں اپنی ٹیم میں شامل کیا جبکہ محمد روہید کو ایم آئی ایمیریٹس نے 1 لاکھ 40 ہزار امریکی ڈالر میں خریدا۔ یہ دونوں کھلاڑی لیگ کی سب سے مہنگی خریداریوں میں چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔فاسٹ باؤلرز کے لیے مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا جہاں وسیم اکرم کو شارجہ واریئرز نے 55 ہزار ڈالر اور حیدر رضا کو گلف جائنٹس نے 50 ہزار ڈالر میں حاصل کیا۔یہ پیش رفت خطے میں کرکٹ کے لیے ایک بڑا سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔
شارجہ واریئرز کے ساتھ چوتھے سیزن میں واپسی پر جُنید صدیق نے کہاکہ یہ میرے لیے ایک خاص لمحہ ہے۔ پہلی نیلامی میں ٹیم نے مجھے دوبارہ اعتماد دیا اور واپس شامل کیا، یہ ظاہر کرتا ہے کہ یو اے ای کرکٹ کہاں تک پہنچ چکی ہے۔ ایسے مواقع ہمیں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔محمد روہید نے ایم آئی ایمیریٹس کے ساتھ معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ناقابلِ یقین لمحہ ہے۔ میں نے پچھلے دو سیزن میں اس ٹیم کے ساتھ بہت کچھ سیکھا ہے اور اب مزید آگے بڑھنے کا موقع ملا ہے۔ میری خواہش ہے کہ خطے کے نوجوان کرکٹرز دیکھیں کہ یہاں حقیقی مواقع موجود ہیں اور وہ بڑے خواب دیکھ سکتے ہیں۔
محمد روہید نے رواں برس ہی یو اے ای ٹیم میں ڈیبیو کیا تھا اور اب تیزی سے اپنی پہچان بنا رہے ہیں۔ وہ اکثر نئی گیند کے ساتھ جنید صدیق کے ساتھ باؤلنگ کا آغاز کرتے ہیں اور پچھلے دو سیزنز میں ایم آئی ایمیریٹس کے لیے 15 میچز کھیل کر 19 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔