
بیجنگ :چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے بیلنزونا میں سوئس وزیر خارجہ اگنازیو کاسیس کے ساتھ صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ چین امن کی بحالی اور انسانی جانوں کو بچانے کی تمام کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اپیل کرتا ہے کہ انسانی بحران کو مؤثر طریقے سے ختم کرنے کے لیے حقیقی، جامع اور دیرپا جنگ بندی کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں، ” فلسطین کی حکمرانی فلسطینیوں کے ہاتھوں میں ” کے بین الاقوامی اتفاق رائے پر عمل درآمد کیا جائے اور غزہ کے مستقبل کے حوالے سے کسی بھی انتظام کو فلسطینی عوام کی خواہشات کے مطابق عمل میں لایا جائے ۔
ان کا کہنا تھا کہ "دو ریاستی حل” کی عمومی سمت پر غیر متزلزل عمل کیا جائے۔ صرف ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہی تاریخی ناانصافی اور تشدد کی بنیادی وجوہات کو ختم کر سکتا ہے۔ وانگ ای نے کہا کہ چین مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے حصول کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔