پاکستان

اے پی پی کے ریٹائرڈ ملازمین اپنے جائز حق کے حصول کے لیے دربدرہیں، جاوید اختر


پارلیمان کی منظوریکے باوجود ہماری پنشن میں اضافہ اب تک عمل میں نہیں لایا جا سکا، صدراے پی پی پینشنرز ایسوسی ایشن
اسلام آ باد:اے پی پی پینشنرز ایسوسی ایشن کے صدر جاوید اختر نے نے کہا ہے کہ گزشتہ تین برسوں سے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی)کے ریٹائرڈ ملازمین اپنے جائز حق کے حصول کے لیے دربدر ہیں،پارلیمان کی منظوری اور حکومت کے باضابطہ اعلانات کے باوجود ان کی پنشن میں اضافہ اب تک عمل میں نہیں لایا جا سکا ۔

اے پی پی پینشنرز ایسوسی ایشن کے صدر جاوید اختر نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے یکے بعد دیگرے 2023 میں 17.5 فی صد، 2024 میں 15 فی صد اور 2025 میں 7 فی صد اضافے کا اعلان کیا تھا جس کا اطلاق اے پی پی کے پینشنرز پر ہنوز ہونا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اضافے صرف کاغذوں میں محدود ہیں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی میں پینشنرز ابھی تک انتظار میں ہیں کہ ان کی مالی دشواریوں کا بھی احساس کیا جائے۔ دوسری طرف ارکانِ پارلیمان، وزرا، ججز اور اعلی سرکاری افسران کی تنخواہوں اور مراعات میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے۔ یہ تضاد محض مالی ناانصافی نہیں بلکہ ایک ایسی سماجی دراڑ ہے جو طاقتور اور کمزور طبقات کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج کو ظاہر کرتی ہے،اے پی پی کے ریٹائرڈ ملازمین نے اپنی زندگی کے بہترین سال ریاستی میڈیا کی خدمت میں گزارے۔ انہوں نے مشکل حالات میں سچائی اور ذمہ داری کے ساتھ قومی بیانیے کو آگے بڑھایا، مگر آج وہی لوگ بڑھاپے میں مہنگائی اور معاشی دبا کے بوجھ تلے پسے جا رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ان کی واحد آمدنی یہی پنشن ہے، جس میں تین سال سے کوئی اضافہ نہیں ہوا۔افسوس ناک امر یہ ہے کہ یہ بزرگ ملازمین اپنے واجبات کے حصول کے لیے وزارتِ اطلاعات، وزارتِ خزانہ اور اے پی پی کے دفاتر کے درمیان فائلوں کے چکر لگاتے پھرتے ہیں۔ کوئی انہیں یقین دہانی کراتا ہے، کوئی ٹال مٹول سے کام لیتا ہے۔ اس بے حسی نے ان کے اندر مایوسی اور احساسِ محرومی کو گہرا کر دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان لوگوں کو فراموش نہ کرے جنہوں نے برسوں اس کے ادارے کو اپنی پیشہ ورانہ دیانت سے قائم رکھا۔ پنشن میں اضافہ دینا احسان نہیں بلکہ ان کا قانونی اور اخلاقی حق ہے۔ اگر اربابِ اختیار اپنے لیے مراعات میں مسلسل اضافہ کر سکتے ہیں تو ان سابق ملازمین کے لیے جائز اضافے روکنا انصاف کے منافی ہے۔انہوںنے کہاکہ وقت آ گیا ہے کہ حکومت فوری طور پر اے پی پی پنشنرز کے واجبات ادا کرے اور ان کے اعلان کردہ اضافے نافذ کرے۔ ریاست کی اصل شان اسی میں ہے کہ وہ اپنے وفادار خادموں کا خیال رکھے کیونکہ ایک معاشرہ اپنی طاقتور اشرافیہ سے نہیں، اپنے کمزور شہریوں کے سلوک سے پہچانا جاتا ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker