
بیجنگ : چین کے صدر شی جن پھنگ نے ورکرز پارٹی آف کوریا کے جنرل سکریٹری کم جونگ اُن کو ایک خط بھیجا، جس میں ورکرز پارٹی آف کوریا کے 80ویں یوم تاسیس کے موقع پر مبارکباد پیش کی گئی۔جمعہ کے روز شی جن پھنگ نے کہا کہ ورکرز پارٹی آف کوریا کے 80ویں یوم تاسیس کے موقع پر ، میں سی پی سی کی سنٹرل کمیٹی اور اپنی جانب سے جنرل سکریٹری اور ورکرز پارٹی آف کوریا کی سنٹرل کمیٹی، ورکرز پارٹی آف کوریا کے تمام ارکان اور کوریائی عوام کو گرمجوش مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 80 سالوں میں، ورکرز پارٹی آف کوریا نے کوریائی عوام کو متحد کرتے ہوئے انتہائی جدوجہد اور مشکلات پر قابو پاتے ہوئے شمالی کوریا میں سوشلزم کے امور کو قابل ذکر کامیابیوں تک پہنچایا ہے۔ حالیہ برسوں میں، جنرل سکریٹری کی قیادت میں شمالی کوریا کی پارٹی اور عوام نے پارٹی کی تعمیر کو مضبوط بنانے، معیشت کو ترقی دینے اور عوامی معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے سرگرمیاں جاری رکھی ہیں۔
شی جن پھنگ نے زور دیا کہ چین اور شمالی کوریا دونوں کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کے حامل سوشلسٹ ممالک ہیں۔ حالیہ برسوں میں، انہوں نے جنرل سکریٹری کم جونگ اُن کے ساتھ متعدد ملاقاتیں کیں، جن میں فریقین نے دونوں پارٹیوں اور ممالک کے تعلقات کی ترقی کی رہنمائی کی ہے اور چین۔شمالی کوریا دوستی کے نئے باب کا آغاز کیا ہے۔ حال ہی میں، جنرل سکریٹری کم جونگ اُن نے چینی عوام کی جاپانی جاحیت کے خلاف جنگ مزاحمت اور فاشزم مخالف عالمی جنگ کی فتح کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے چین کا دورہ کیا۔اس دوران دونوں رہنماوں کے درمیان گہری بات چیت نے چین اور شمالی کوریا کے درمیان دوستانہ تعاون کے تعلقات کی مزید ترقی کے لیے سمت طے کی ہے۔ چاہے بین الاقوامی صورتحال جو بھی ہو،
چین۔شمالی کوریا تعلقات کو برقرار رکھنا، مضبوط بنانا اور فروغ دینا سی پی سی اور حکومت کا ناقابل تبدل پالیسی اصول ہے۔ چین شمالی کوریا کے ساتھ مل کر حکمت عملی کے لحاظ سے مواصلات کو مضبوط بنانے، عملی تعاون کو گہرا کرنے، ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط کرنے، دو طرفہ تعلقات کو مسلسل آگے بڑھانے، دونوں ممالک کے سوشلسٹ تعمیری امور کے لیے خدمات انجام دینے، اور خطے نیز دنیا کے امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی میں مثبت شراکت کا خواہاں ہے۔ شی جن پھنگ نے ورکرز پارٹی آف کوریا کی مسلسل نمایاں کامیابیوں اور چین۔شمالی کوریا دوستی کی ہمیشہ پائیداری کے لیے نیک تمنائیں ظاہر کیں۔