
بیجنگ:چین کی وزارت ٹرانسپورٹ کے متعلقہ حکام نے چین کی ریاستی کونسل کے دفتر اطلاعات کے زیر اہتمام پریس کانفرنس میں بتایا کہ آمدہ وسط خزاں تہوار اور قومی دن کی تعطیلات 8 روز تک جاری رہیں گی۔ اس دوران چین بھر میں مسافروں کے کل سفری ٹرپس 2.36 ارب تک پہنچنے کی توقع ہے، جس میں یومیہ اوسطاً 295 ملین ٹرپس ہوں گے، جو پچھلے سال کی اسی مدت (286 ملین ٹرپس) کی یومیہ اوسط کے مقابلے میں تقریباً 3.2 فیصد زیادہ ہیں۔ آؤٹ باؤنڈ سیاحت کے لحاظ سے روس، جاپان، جنوبی کوریا اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کا سفر کرنے والے سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ اس کے علاوہ، وسط خزاں تہوار اور قومی دن کی تعطیلات کے دوران توانائی، اناج، معدنیات اور ضروریات زندگی سمیت دیگر اہم میٹریل کی نقل و حمل کی مانگ مستحکم رہےگی اور ریلوے، بندرگاہوں اور ہوائی کارگو کی نقل و حمل میں اتار چڑھاؤ نسبتاً کم ہوگا۔