
چین کے صوبہ سی چھوان کے لیشان گریٹ بدھا سیاحتی علاقے میں ایک سرگرمی شروع ہوئی جس کا نام تھا "چائنا ٹریول- انٹرنیشنل اینکرز اینڈ انفلوئنسرز وزٹ ٹو سی چھوان” ۔
پاکستان، برطانیہ، بیلجیم، سپین، امریکہ، روس، اٹلی، ایران، کوسٹا ریکا، پولینڈ سمیت مختلف ممالک کے 30 سے زائد غیر ملکی انفلوئنسرز اور جنریشن زی کے غیر ملکی نوجوانوں نے اس پروگرام میں حصہ لیا اور اپنے سفر کی پہلی منزل کے طور پر لیشان گریٹ بدھا کے سیاحتی علاقے کا دورہ کیا۔
لیشان گریٹ بدھا دنیا کے ثقافتی اور قدرتی ورثے کی فہرست میں شامل ہے اور یہ قومی درجے کا "5A” سیاحتی مقام ہے۔ اسے 1300 سال پہلے تعمیر کیا گیا تھا اور یہ” میتریا بدھا ” کی بیٹھی ہوئی دنیا کی سب سے بڑی مورتی ہے۔ اس کے شاندار حجم اور اور عمدہ کندہ کاری کے کام سے قدیم چینی لوگوں کے ہنر اور عقلمندی کا اظہار ہوتا ہے ۔
چیک جمہوریہ کے انٹرنیٹ سلیبرٹی پیٹر نے کہا، "یہ میرا پہلا موقع ہے کہ میں لیشان آیا ہوں، گریٹ بدھا کی شان و شوکت میرے تصور سے بھی کہیں زیادہ ہے۔ یہ جگہ واقعی حیرت انگیز ہے۔ مجھے یہاں کا ماحول بہت پسند آیا، لیشان گریٹ بدھا واقعی ایک بہترین سیاحتی مقام ہے۔” انہوں نے بدھا کی مورتی، راستے کے خوبصورت مناظر اور اپنے ساتھیوں کی تصاویر لیں اور کہا کہ وہ انہیں شارٹ ویڈیوز کی شکل میں زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں گے۔
سی چھوان کی سب سے نمایاں ثقافتی علامتوں میں سے ایک ہونے کے ناطے، لیشان گریٹ بدھا نہ صرف ایک سیاحتی مقام ہے بلکہ سی چھوان اور چین کو دنیا سے متعارف کروانے کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے۔
سیاح یہاں تین دریاؤں کے سنگم کے حیرت انگیز نظارے دیکھ سکتے ہیں، قریب سے گریٹ بدھا کے چہرے کو دیکھ سکتے ہیں یا کشتی پر سوار ہو کر دریا کے نظارے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔یہاں کی خاص بات یہاں کا قدیم ڈرینج سسٹم ہے جسے کاریگروں نے انتہائی مہارت سے بنایا ۔یہ نظام اس مورتی کو پانی کے بہاؤ، بارشوں اور پتھر کے کٹاؤ سے محفوظ رکھتا ہے جس سے یہ مورتی ہزار ہا سال سے مضبوطی سے اپنی جگہ موجود ہے ۔ یہ نظام انجینئرنگ کی مہارت اور ثقافتی ورثے میں چینی تہذیب کی خوبی کو ظاہر کرتا ہے۔





