
بیجنگ:چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکھون نے یومیہ پریس کانفرنس میں تائیوان اور بحیرہ جنوبی چین سے متعلق معاملات پر امریکہ، جاپان اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ کے حالیہ مشترکہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، جاپان اور جنوبی کوریا نے تائیوان اور بحیرہ جنوبی چین سے متعلق امور پر چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی ہے اور چین کو بدنام کیا ہے۔ چین اس پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کرتا ہے اور اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
تائیوان چین کی سرزمین کا اٹوٹ حصہ ہے۔ تائیوان کا مسئلہ خالصتاً چین کا اندرونی معاملہ ہے اور اس میں کسی بیرونی مداخلت کی اجازت نہیں ہے۔ آبنائے تائیوان میں امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے، ہمیں ایک چین کے اصول پر عمل کرتے ہوئے "تائیوان کی علیحدگی” کی واضح مخالفت کرنی چاہیے۔ بحیرہ جنوبی چین کی موجودہ صورتحال عمومی طور پر مستحکم ہے۔ چین نے ہمیشہ اپنی علاقائی خودمختاری اور سمندری حقوق اور مفادات کا مضبوطی سے دفاع کیا ہے اور متعلقہ فریقوں کے ساتھ بات چیت اور مشاورت کے ذریعے اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ متعلقہ ممالک کو چاہئے کہ وہ خطے کے ممالک کی جانب سے بات چیت اور مشاورت کے ذریعے مسائل کو حل کرنے اور امن و استحکام برقرار رکھنے کی کوششوں کا احترام کریں اور کشیدگی کو بڑھا چڑھا کر پیش کرکے تصادم کو ہوا دینا بند کریں۔



