تازہ تریناسلام آباد

چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اہم اجلاس،اسلام آباد کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے متعدد اقدامات کا فیصلہ

اسلام آباد(آئی پی ایس )چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹ، چیف آفیسر ایم سی آئی ڈاکٹر انعم فاطمہ سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں اسلام آباد شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام منصوبوں پر معیار کے ساتھ کام کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں میونسپل کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی)کے زیر انتظام شعبوں سے حاصل ہونے والے ریونیو میں اضافے کیلئے متعدد اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر کے مختلف مصروف ترین مقامات پر اضافی ڈیجیٹل اسٹریمرز اور ایس ایم ڈیز نصب کی جارہی ہیں جس سے ریونیو میں اضافے کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔ اسی طرح شہر میں پارکنگ سسٹم کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی میں بھی نمایاں اضافہ کیا جاسکے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹریڈ لائسنسز اور دیگر مد سے حاصل ہونے والی آمدنی میں اضافے کیلئے بھی جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان تمام آمدنیوں کو جدید ترین نظام کے ذریعے مکمل طور پر کیش لیس کیا جائے گا تا کہ شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر میں روشنی کے انتظام کو بہتر بنانے کیلئے مختلف اہم مقامات پر مستقل بنیادوں پر جدید اور خوبصورت ایل ای ڈی لائٹس نصب کی جائیں گی۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے اجلاس کے اختتام پر ہدایت جاری کی کہ شہر کی ترقی اور خوبصورتی کے تمام منصوبوں پر مربوط اور مشترکہ کاوشوں سے کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبے باہمی تعاون کے ساتھ ملکر کام کریں تاکہ ملکی دارالحکومت کو ایک جدید، مزید خوبصورت اور صاف ستھرا شہر بنایا جاسکے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker