
مقامی وقت کے مطابق 27 سے 29 اگست تک چین کے نائب وزیر تجارت اور بین الاقوامی تجارتی مذاکرات کار لی چھنگ گانگ نے امریکہ کا دورہ کیا اور امریکی محکمہ خزانہ، محکمہ تجارت اور تجارتی نمائندے کے دفتر کے متعلقہ حکام سے بات چیت کی۔ فریقین نےدونوں ممالک کے سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر عمل درآمد کرنے نیز چین امریکہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات اور چین امریکہ اقتصادی اور تجارتی مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔ لی چھنگ گانگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور امریکہ کو باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور مشترکہ تعاون کے اصولوں کو برقرار رکھنا ہوگا اور چین امریکہ اقتصادی اور تجارتی مشاورت کے میکانزم کو بروئے کار لاتے ہوئےمساوی بات چیت کے ذریعے اختلافات پر قابو پاتے ہوئے تعاون کو بڑھانا ہوگا تاکہ چین امریکہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کی صحت مند، مستحکم اور پائیدار ترقی کو فروغ دیا جائے۔ اپنے دورہ امریکہ کے دوران لی چھنگ گانگ نے یو ایس چائنا بزنس کونسل، امریکن چیمبر آف کامرس اور متعلقہ امریکی کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا۔




