
تحریر: اعتصام الحق
چین کے شمال مغرب میں واقع ننگشیا ہوئی خود اختیار علاقہ اپنی منفرد تاریخ، ثقافتی تنوع اور حیرت انگیز معاشی ترقی کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔ یہ علاقہ نہ صرف قدیم تہذیبوں کا گہوارہ رہا ہے بلکہ موجودہ دور میں بھی یہ چین کی ترقی کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔
ننگشیا چین کے شمال مغرب میں واقع ہے اور یہ دریائے زرد (یلو ریور) کے بالائی اور درمیانی حصے میں آباد ہے۔ اس کا کل رقبہ 66,400 مربع کلومیٹر ہے، جس میں 5 پریفیکچر سطح کے شہر اور 22 کاؤنٹیاں شامل ہیں۔ اس علاقے کی مستقل آبادی تقریباً 7.29 ملین ہے، جس میں ہوئی قومیت کے لوگ کل آبادی کا 36 فیصد ہیں۔ یہ علاقہ چین کے پانچ اقلیتی خود اختیار علاقوں میں سے ایک ہے۔
ننگشیا کی تاریخ انتہائی قدیم اور شاندار ہے جس کا آغاز پتھروں کے دور سے ہوتا ہے ۔ تیسری صدی قبل مسیح میں چین کے پہلے بادشاہ چن شی ہوانگ نے ننگشیا میں بیدی کاؤنٹی قائم کی اور فوجی دستے بھیج کر زمینوں کو آباد کیا اور آبی منصوبے بنائے، جس سے دریائے زرد سے آبپاشی کی تاریخ کا آغاز ہوا۔ 1038 عیسوی میں تانگشیانگ قومیت کے رہنما لی یوانہاؤ نے ننگشیا کو مرکز بنا کر شیا کی عظیم سلطنت قائم کی، جس کا دارالحکومت موجودہ شہر انچھوان تھا ۔ تاریخ میں اسے مغربی شیا کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یوان خاندان نے مغربی شیا کو ختم کرنے کے بعد ننگشیا روڈ قائم کیا، جس سے "ننگشیا” کا نام وجود میں آیا۔عوامی جمہوریہ چین کے قیام کے بعد 1954 میں ننگشیا صوبہ ختم کر کے اسے گانسو میں ضم کر دیا گیا۔ اس کے بعد 25 اکتوبر 1958 کو ننگشیا ہوئی خود اختیار علاقہ قائم ہوا، جس سے تمام قومیتوں کے درمیان مساوی باہمی تعاون اور ترقی کا نیا دور شروع ہوا۔
ننگشیا کی ثقافت چین کی قدیم تہذیبوں کا مرکب ہے۔ یہاں ہوئی قومیت کی نمایاں موجودگی نے علاقے کی ثقافت کو ایک منفرد رنگ دیا ہے۔ ہوئی قومیت کے لوگ اسلام کے پیروکار ہیں، جس کی وجہ سے ننگشیا میں اسلامی ثقافت کے واضح اثرات دیکھے جا سکتے ہیں۔علاقے میں چینی اور اسلامی ثقافت کا امتزاج انتہائی دلچسپ ہے۔ یہاں کے لوگ اپنی روایات، تہواروں اور طرز زندگی میں اس امتزاج کو نمایاں رکھتے ہیں ۔
معاشی میدان میں ننگشیا نے گزشتہ چند دہائیوں میں غیر معمولی ترقی کی ہے۔ 2025 کی پہلی ششماہی میں خطے کی جی ڈی پی 265.09 بلین یوان تک پہنچی ، جو گزشتہ سال کی نسبت 5.8 فیصد زیادہ ہے۔اس علاقے میں زراعت کی ایک طویل تاریخ ہے اور یہاں کی زرعی مصنوعات اعلیٰ معیار کی حامل ہوتی ہیں ۔ ان میں انگور ، گوجی بیری ، ڈیری مصنوعات اور گوشت کی صںعت نمایاں ہے ۔ 2024 میں اناج کی کل پیداوار 3,8592 ملین ٹن رہی ۔ انگوروں کی کاشت کا رقبہ 398,000 مو تک پہنچا۔ ننگشیا کی گوجی بیری چین کے علاقائی زرعی صنعتی برانڈز میں دس سر فہرست برانڈز میں شامل رہی ۔
ننگشیا، شانسی، گانسو، ننگشیا اور اندرونی منگولیا کے انرجی اور کیمیکل "گولڈن ٹرائی اینگل” میں واقع ہے، جہاں توانائی کے وسائل وافر مقدار میں ہیں۔ یہاں 50 سے زائد اقسام کی معدنیات دریافت ہوئی ہیں، جن میں کوئلے کے ذخائر 32.2 بلین ٹن اور امکانی ذخائر 200 بلین ٹن ہیں۔ بجلی کی تنصیب شدہ صلاحیت 69.75 ملین کلو واٹ ہے، جس میں دنیا کا پہلا 1 ملین کلو واٹ الٹرا سپر کرٹیکل ایئر کولڈ تھرمل پاور یونٹ شامل ہے۔ فی کس بجلی کی پیداوار کے لحاظ سے ننگشیا ملک میں پہلے نمبر پر ہے۔یہ علاقہ کوئلے کی جدید کیمیکل انڈسٹری کا اہم مرکز ہے ۔یہاں دنیا کا سب سے بڑا سنگل سیٹ 4 ملین ٹن کوئلے سے تیل کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے، جس سے کوئلے سے تیل، کوئلے سے اولیفنز اور فائن کیمیکل انڈسٹری کلسٹرز تشکیل پا چکے ہیں۔
ثقافتی سیاحت، جدید لاجسٹکس، جدید فنانس، ہیلتھ کیئر، ای کامرس اور نمائشوں جیسی خدمات کی جدید صنعتیں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ ڈیٹا انڈسٹری پروان چڑھ رہی ہے۔اس علاقے کے پہاڑ اور دریا شاندار ہیں اور یہاں کے قدرتی مناظر انتہائی خوبصورت ہیں ۔ ننگشیا میں مختلف قسم کے لینڈفارمز بھی پائے جاتے ہیں، جن میں ہموار میدان، بلند پہاڑ، طویل دریا، سبز جھیلیں، صحرا اور خوبصورت آبی علاقے شامل ہیں۔ یہ چین کے ماحولیاتی نظام کی ایک دلکش تصویر پیش کرتا ہے۔اس علاقے کی پہچانوں میں سے ایک پہچان دریائے زرد اس علاقے کو زرخیز بناتا ہے۔حے لان پہاڑ شمالی چین کا واحد شمال-جنوب پہاڑی سلسلہ ہے جبکہ یہاں بلند لیوپان پہاڑ بھی ہے جسے "سبز جزیرہ” کہا جاتا ہے۔ اس علاقے کی جغرافیائی خصوصیات کے ساتھ ساتھ یہاں کے سیاحتی وسائل بھی اس کی ایک خاص پہچان ہیں ۔ یہ چین کے مغرب میں ایک منفرد سیاحتی مقام ہے جو اب دنیا بھر میں سیاحوں کی توجہ حاصل کرتے ہوئے ایک مرکزی سیاحتی مقام بن چکا ہے ۔یہاں کا نقل و حمل کا انفراسٹرکچر نسبتاً مکمل اور آسان ہے جہاں ایکسپریس وے تمام کاؤنٹیوں سے منسلک ہیں۔انچوان ہیدونگ بین الاقوامی ہوائی اڈہ ملک بھر کے 87 شہروں سے جڑا ہوا ہے ۔ننگشیا کے دار الحکومت انچھوان سے تہران تک کی وسطی ایشیا مال بردار ٹرین اب کھول دی گئی ہے، جبکہ تیانجن بندرگاہ کے ساتھ ریل اور پانی کی مربوط نقل و حمل کو حاصل کیا جا چکا ہے ۔ننگشیا ہوئی خود اختیار علاقہ ، نیو یوریشین لینڈ برج اور چین-وسطی ایشیا-مغربی ایشیا اکنامک کوریڈور کے سنگم پر واقع ہے اور سلک روڈ اکنامک بیلٹ کا ایک اہم اسٹریٹجک مرکز ہے۔
آج ننگشیا چین کے نقشے پر ایک روشن ستارے کی مانند چمک رہا ہے، جو نہ صرف اپنے شاندار ماضی پر فخر کرتا ہے بلکہ ایک تابناک مستقبل کی تعمیر کے لیے پرعزم بھی ہے۔ یہ علاقہ چین کی اقلیتی قومیتوں کی ترقی اور خوشحالی کی بہترین مثال پیش کرتا ہے۔