
اسلام آباد: پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر رئیر ایڈمرل (ر) فریڈ سری ورتنے نے ایف پی سی سی آئی کا دورہ کیا اور صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات اور تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دہائیوں سے ثقافتی اور تجارتی تعلقات قائم ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارتی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ سری لنکا کو انڈین اوشن میں اپنے محل وقوع اور جغرافیائی لحاظ سے بڑی اہمیت حاصل ہے۔ زراعت، آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ایف پی سی سی آئی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بی ٹو بی رابطوں کو فروغ دینے کی خواہاں ہے۔
سری لنکن ہائی کمشنر فریڈ سری ورتنے نے کہا کہ سری لنکن عوام نے مشکل معاشی حالات کا سامنا کیا، ہمارے پاس نہ بجلی تھی اور نہ گیس، نہ دیگر وسائل۔ سری لنکن صدر نے عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات کیے اور آئی ایم ایف سے 2.9 بلین امریکی ڈالر کی گرانٹ حاصل کی۔ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اقدامات کیے ہیں جن کی بدولت ملک تیزی سے مائیکرو اکنامک استحکام کی طرف جا رہا ہے۔ گزشتہ 6 ماہ میں سری لنکا نے تاریخ کی سب سے زیادہ برآمدات کی ہیں۔