
جنوبی وزیرستان کے لوئر وانا بازار میں ٹیکسی سٹینڈ کے قریب بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کردیا گیا ہے، ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اپر جنوبی وزیرستان کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) عصمت اللہ وزیر کی گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا، تاہم وہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محفوظ رہے۔
ترجمان جنوبی وزیرستان پولیس شعیب محسود نے ڈان کو بتایا تھا کہ اپر جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا کے علاقے حبیب کوٹ اڈانہ کے قریب نامعلوم حمہ آوروں نے ڈی سی عصمت اللہ وزیر کی گاڑی پر اُس وقت حملہ کیا جب وہ لدھا سے مکین کے علاقے کی جانب جا رہے تھے، حملے کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل سمیت 2 افراد زخمی ہوئے۔
ترجمان جنوبی وزیرستان پولیس شعیب محسود کے مطابق نشانہ بننے والی گاڑی میں ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ، پولیس اہلکار اور فنانس اینڈ پلاننگ کے اے ڈی سی کے معاون موجود تھے۔