
اسلام آباد: صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان ٹیرف کمی سے متعلق تجارتی معاہدے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی معاہدے کیلئے وزیراعظم، وزیر خارجہ، وزیر خزانہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے کردار کو سراہتی ہے۔ عاطف اکرام شیخ کے مطابق امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور اس معاہدے سے ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے نتیجے میں امریکہ میں پاکستانی مصنوعات پر ٹیرف میں کمی اور منڈیوں تک بہتر رسائی ممکن ہو گی، جو دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے دور کی بنیاد بنے گا۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستان کو اہم کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں اور بزنس کمیونٹی ملکی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔