
فتح جنگ() وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن، ڈپٹی کمشنر اٹک عاطف رضا اور اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ محترمہ سورتھ کی ہدایات کی روشنی میں تحصیلدار چوہدری شفقت محمود کی قیادت میں تجاوزات مافیا کے خلاف تاریخی مہم بھرپور انداز سے جاری ہے۔ پہلے مرحلے میں کامیاب آپریشن کے بعد اب روزانہ کی بنیاد پر 4 سے 5 مرتبہ کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔
مغرب کے بعد شروع ہونے والے نئے راؤنڈ میں چوہدری شفقت محمود نے ذاتی نگرانی میں وہ چند ایک ریڑھی بان بھی ہٹا دیے جو آپریشن کے بعد دوبارہ نمودار ہو رہے تھے۔ ان کی ریڑھیاں ضبط کر لی گئیں اور سختی سے وارننگ دی گئی کہ دوبارہ عوامی جگہ پر تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔
انتظامیہ کا پہلا راؤنڈ صبح 10 بجے، دوسرا دوپہر، تیسرا شام 5 اور اب چوتھا مغرب کے بعد جب کہ پانچواں رات 10 یا 11 بجے ہو رہا ہے۔ یہ تسلسل فتح جنگ میں پہلی بار دیکھا جا رہا ہے جب انتظامیہ دن کے مختلف اوقات میں سڑکوں کو قابضین سے خالی کروانے کے لیے متحرک ہے۔
چوہدری شفقت محمود کا کہنا ہے کہ مستقل مزاجی اور سختی کے باعث تجاوزات اور ریڑھی مافیا کا تقریباً مکمل خاتمہ ہو چکا ہے۔ صرف چند فیصد باقی ہیں جو بھی جلد انجام کو پہنچیں گے۔ عوامی سڑکیں کھلی اور صاف ہو چکی ہیں، ٹریفک بحال ہے اور شہری آزادانہ آمدورفت کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ مہم وقتی نہیں بلکہ ایک مستقل نظام کی بنیاد ہے۔ روزانہ کی نگرانی، عوامی شکایات کا فوری ازالہ اور ریڑھی مافیا کے خلاف سخت ایکشن اس نظام کا حصہ بن چکا ہے۔
دوسری جانب عوامی حلقے، سول سوسائٹی اور شہری تحصیلدار کے اس جراتمندانہ اقدام پر سراپا تحسین ہیں۔ سوشل میڈیا پر "شکریہ شفقت صاحب” کا ٹرینڈ چل پڑا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ برسوں بعد پہلی بار کسی نے عملی قدم اٹھایا ہے اور وہ بھی بغیر کسی سیاسی یا سماجی دباؤ کے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس مہم کو دیگر بازاروں، چوکوں اور گرد و نواح کے علاقوں تک پھیلایا جائے تاکہ فتح جنگ واقعی ایک مثالی تحصیل کے طور پر ابھرے۔