
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی جھڑپیں شدت اختیار کر گئیں، گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ جاری
تھائی لینڈ کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق 27 جولائی کی صبح تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ صبح پونے سات بجے کمبوڈیا نے تھائی لینڈ کے صوبہ سرین کے ایک گھر پر گولہ باری کی اور 7 بجے تک وقتاً فوقتاً بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔
ادھر کمبوڈیا کے ذرائع ابلاغ کے مطابق تھائی لینڈ کی افواج نے کمبوڈیا پر رات ڈھائی بجے اور صبح چار بجے کے قریب گولہ باری کی اور جھڑپیں صبح سات بجے تک جاری رہیں۔
کمبوڈیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کمبوڈیا اپنی علاقائی حدود کا مکمل دفاع کرتے ہوئے بین الاقوامی قانون کے مطابق پرامن حل کے لئے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان 24 تاریخ سے دونوں ممالک کے سرحدی علاقے میں جھڑپوں کے نتیجے میں ایک سو سے زیادہ افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں اور ایک لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 25 تاریخ کو کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے سرحدی تنازع پر ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا اور کمبوڈیا اور تھائی لینڈ نے اس تنازعے کو پرامن طریقوں سے حل کرنے کی اپنی اپنی تجویز پیش کی۔