پاکستانٹاپ سٹوری

خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن، تمام نتائج موصول، مراد سعید سمیت 6 پی ٹی آئی امیدوار کامیاب

اسلام آباد(آئی پی ایس) خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے لیے تمام نشستوں کے سرکاری نتائج موصول ہوگئے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مراد سعید سمیت 6 امیدوار کامیاب ہو گئے جبکہ اپوزیشن کو 5 نشستیں ملیں۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں کے سرکاری نتائج کا اعلان کردیا، ریٹرننگ آفیسر نے سرٹیفیکیٹ آف الیکشن فارم 58 جاری کر دیے۔

سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے مراد سعید 26 اور فیصل جاوید 22 ووٹوں، نورالحق قادری اور مرزا گل آفریدی 21 ، 21 ووٹوں، اعظم سواتی 89 ووٹ اور پی ٹی آئی کی روبینہ ناز 89 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قراردی گئیں۔

دوسری جانب، اپوزیشن کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے والے پیپلزپارٹی کے طلحہ محمود جنرل نشست پر 17 ووٹوں، مسلم لیگ (ن) کے نیاز احمد خان 18 ووٹوں، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے عطا الحق درویش 18 ووٹوں، جے یو آئی (ف) کے دلاور خان 54 ووٹوں اور خواتین نشست پر پیپلزپارٹی کی روبینہ خالد کا کامیاب ہوئیں۔

حکومت اور اپوزیشن کا معاہدے پر مکمل عملدرآمد
سینیٹ انتخابات میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہونے والے معاہدے پر مکمل عملدرآمد کیا گیا۔

وزیر اعلی علی امین گنڈاپور اور اپوزیشن لیڈر نے معاہدے پر عملدرآمد کی نگرانی کی، ممبران ووٹر کو جنرل نشستوں پر 7 ترجیحات رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

فارمولے کے تحت حکومت کو 6 اور اپوزیشن کو 5 نشستیں ہی ملیں۔

اپوزیشن اور حکومت نے اراکین کو ایک خاص فارمولہ کے تحت ووٹ کاسٹ کرنے کی ہدایت دی تھی۔

واضح رہے کہ ایوان بالا کی 11 نشستوں کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں چھ پانچ کا فارمولا طے پاگیا تھا، تاہم پی ٹی آئی کے ناراض ارکان کے دستبردار نہ ہونے سے بلامقابلہ انتخاب ممکن نہیں ہوسکا، پی ٹی آئی رات گئے 4 ناراض ارکان کو منانے میں کامیاب ہوگئی تھی لیکن خرم ذیشان کے دستبردار نہ ہونے پر پولنگ ہوئی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 11 نشستوں کے لیے 145 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

جنرل نشستوں پر حکومت نے 4 جبکہ اپوزیشن نے 3 امیدوار میدان میں اتارے، خواتین اور ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر دونوں جانب سے 2،2 امیدوار قسمت آزمائی کی۔

پی ٹی آئی نے جنرل نشستوں پر مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور پیر نورالحق قادری کو میدان میں اتارا جبکہ خواتین کی نشست پر روبینہ ناز اور ٹیکنوکریٹ کے لیے اعظم سواتی پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔

اپوزیشن کی جانب سے جنرل نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے نیاز احمد، پیپلز پارٹی کے طلحہٰ محمود اور جے یو آئی (ف) کے عطا الحق امیدوار ہیں، خواتین کی نشست پر پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر جے یو آئی (ف) کے دلاور خان مقابلہ کر رہے ہیں۔

صوبائی اسمبلی میں حکومتی ارکان کو 92 جبکہ اپوزیشن کو 53 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

الیکشن کمیشن نے 2 اپریل 2024 کو مذکورہ انتخابات اسپیکر کی طرف سے مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی کا حلف نہ ہونے اور الیکٹورل کالج نامکمل ہونے کی وجہ سے ملتوی کیے تھے۔

دوسری جانب سینیٹ الیکشن کے موقع پر میڈیا کو اسمبلی کے احاطے میں جانے سے روک دیا گیا ہے، سرکاری اور نجی ٹی وی چینلز کو صوبائی اسمبلی میں جانے کی اجازت نہیں، اسمبلی کے سیکیورٹی انچارج کے مطابق میڈیا پر پابندی الیکشن کمیشن نے لگائی ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker