پاکستانٹاپ سٹوری

گورنر کے پی مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان سے کل صبح 9 بجے حلف لیں گے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد(آئی پی ایس) الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا کل صبح 9 بجے مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان سے حلف لیں گے، خیبرپختونخوا سینیٹ انتخابات کا عمل کل دن گیارہ بجے شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا کل صبح 9 بجے مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان سے حلف لیں گے، گورنر ہاؤس میں کل صبح 9 بجے حلف برداری کی تقریب ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آج خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے ارکان نے حلف نہیں اٹھایا، خیبرپختونخوا سینیٹ انتخابات کا عمل کل 11 بجے جرگہ ہال میں شروع ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) ، چیف سیکریٹری کو سیکیورٹی انتظامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔

مقابلہ ہوا تو 7 سینیٹرز کی کوشش کریں گے، کنڈی
قبل ازیں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ آج یا کل مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان کی حلف برداری ہوجائے گی، کل ہی سینیٹ کے الیکشن بھی ہوں گے۔

پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے حوالے سے حکم نامہ جاری ہونے کے بعد گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے ارکان کی حلف برداری آج یا کل ہوجائے، کل چوں کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ کےالیکشن بھی ہونے ہیں، اسی لیے ارکان کی حلف برداری بھی ہونی لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں حکومت اور اپوزیشن میں 6/5 کا فارمولا طے پایا ہے، فارمولا طے ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نےکہا کہ ان کےارکان بات نہیں مان رہے۔
گورنر نے کہا کہ اگرباقاعدہ مقابلہ ہوا تو کوشش ہوگی کہ 5 کے بجائے 6-7 سینیٹرز منتخب کرالیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ایسے اقدامات کرے کہ ہارس ٹریڈنگ نہ ہو۔

یاد رہے کہ آج خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان کی حلف برداری ہونی تھی، تاہم پی ٹی آئی کے شیر علی آفریدی نے کورم کی نشاندہی کر دی، جس کے بعد اسمبلی کا اجلاس 24 جولائی تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔

صوبائی اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہونے سے سینیٹ الیکشن بھی کھٹائی میں پڑ گئے تھے، تاہم اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرکے مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان کی حلف برداری کے لیے کسی کو نامزد کرنے کی درخواست کی تھی۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق نے اپوزیشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کو حلف لینے کا حکم دیا تھا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker