
مانچسٹر: المہدی فاؤنڈیشن کی جانب سے شہادت امام حسینؑ کے موقع پر پہلا ماتمی جلوس نکالا گیا، جس میں مانچسٹر اور گردونواح کے بڑی تعداد میں برٹش پاکستانی شیعہ مسلمانوں نے شرکت کی۔
جلوس کا آغاز مقامی پارک سے ہوا، جو مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا المہدی فاؤنڈیشن کے مرکز پر اختتام پزیر ہوا۔ پولیس، مقامی کاؤنسل اور المہدی فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا۔
المہدی فاؤنڈیشن کے صدر ثاقب رضا نے جلوس کے اجازت نامے کے اجرا پر کاؤنسل اور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ "اب یہ جلوس ہر سال مکمل آزادی کے ساتھ نکالا جائے گا۔”
پاکستان سے خصوصی طور پر مدعو کیے گئے پروفیسر عابد حسین عابدی نے کہا کہ "ہم ان ماتمی جلوسوں کے ذریعے امام حسینؑ کا پیغام دنیا تک پہنچا رہے ہیں۔ ان کی قربانی نہ صرف اسلام بلکہ پوری انسانیت کی بقا کے لیے تھی۔”
المہدی فاؤنڈیشن کی جانب سے مہر توصیف اختر نے جلوس میں شرکت کرنے والے تمام مومنین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پاکستان سے آئے ہوئے معروف نوحہ خواں خان اعجاز حسین نے المہدی فاؤنڈیشن کے نوحہ خوانوں کے ساتھ مل کر نوحہ خوانی کی اور حاضرین کے دلوں کو گرمایا۔
یہ جلوس شہادت امام حسینؑ کے ایام میں بری میں اپنی نوعیت کا پہلا اجتماعی ماتمی پروگرام تھا، جسے مقامی برادری نے بھرپور حمایت دی۔