
بیجنگ :چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے 29 جون کو سنکیانگ کے شمالی علاقے میں واقع خورگوس فری ٹریڈ زون کا دورہ کیا۔ یہ زون اپنی نوعیت کا منفرد مرکز ہے جو چین کا مصروف ترین ڈرائی پورٹ، بارڈر گیٹ اور بین الاقوامی تعاون کا مرکز ہونے کے ساتھ ساتھ چین اور قازقستان کے درمیان تجارت اور مسافروں کی آمدورفت کے لیے ایک اہم پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطا بق پیر کے روزاپنے دورے کے دوران خلیل ہاشمی نے مقامی حکام سے ملاقات کی اور خورگوس ڈرائی پورٹ کی ترقی پر بات چیت کی گئی ۔
یہ پورٹ اب عوام اور مال برداری کی نقل و حرکت کے لیے جدید ترین سرحدی گزرگاہ بن چکا ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کی سرحد پر واقع خنجراب ڈرائی پورٹ پر بھی اس طرز کے منصوبوں پر کام کرنے کیلئے تعاون اور امکانات پر غور کیا گیا۔ پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی چین کے سنکیانگ علاقے میں اپنے سرکاری دورے پر موجود ہیں۔