پاکستان

پاکستان نے آذربائیجان کی جنگ میں بھرپور ساتھ دیا، چوہدری شافع حسین


لاہور :صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے آذربائجان ٹریڈ ہاؤس میں یوم تکبیر اور آذربائجان کے یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے پرچم کشائی کی اور آذربائجان کے یوم آزادی کے حوالے سے کیک کاٹا۔ صوبائی وزیر نے آذربائجان کے قومی دن پر آذربائجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری اور دلیری نے عوام کا جزبہ پھر سے بیدار کردیا۔

انہوں نے کہا کہ 28 مئی پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے اور آج کے دن پاکستان پہلی اسلامی ایٹمی قوت بنا۔ ملک بھر میں یوم تکبیر کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا گیا ہے جس میں لوگوں نے بھر پور شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور آذربائجان کے مابین گہرے دوستانہ اور معاشی تعلقات قائم ہیں۔ آذربائجان کی جانب سے پاکستان میں 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے حوالے سے حکومت پاکستان کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے۔ آذربائجان کا تجارتی وفد جلد پاکستان اور پاکستان کا تجارتی وفد آذربائجان کا دورہ کرے گا۔ پاکستان اور آذربائجان کے مابین سیاحت،آئل ریفائنریز اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت سیاحتی مقامات کو ترقی دینے کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہےپنجاب اور آذربائجان کے مابین سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آذربائجان کی حکومت نے پاکستان سے درآمدی چاول پر ڈیوٹی کم کی ہے۔آنیوالے دنوں میں دونوں ممالک کے معاشی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان نے آذربائجان کی آرمینیا کے ساتھ جنگ میں آذربائجان کا بھر پور ساتھ دیا۔آذربائجان کے عوام آرمینیا کے ساتھ جنگ میں پاکستان کی افواج کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔حالیہ پاکستان اور بھارت کشیدگی کے دوران آذربائجان نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔ہر گزرتے لمحے دونوں ممالک کی دوستی اور معاشی تعاون بڑھ رہا ہے۔ صدر آذربائجان ٹریڈ ہاؤس عدیل شجاع بٹ، سی ای او عرفان شجاع بٹ،سرپرست عدنان شجاع بٹ،حافظ عثمان،افضل خان،میاں امتیاز اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker