
بہاولپور(آئی پی ایس) ایران میں دہشت گردی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے 8 پاکستانیوں کی میتیں خصوصی طیارے کے ذریعے بہاولپور پہنچا دی گئیں۔
ایئرپورٹ پر ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیموں اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔
حکام کے مطابق میتوں کو بہاولپور ایئرپورٹ پر لواحقین کے حوالے کیا گیا، جس کے بعد انہیں ان کے آبائی علاقوں خانقاہ شریف اور احمدپور شرقیہ روانہ کر دیا گیا۔
کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر سمیت اعلیٰ انتظامی افسران موقع پر موجود رہے اور لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میتوں کی آمد کے بعد ان کے آبائی علاقوں میں فضا سوگوار ہو گئی۔ علی الصبح مرحومین کی نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی، جس میں مقامی افراد سمیت سرکاری و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایران میں دہشت گردوں نے حملہ کر کے 8 پاکستانیوں کو قتل کر دیا تھا، جن کا تعلق بہاولپور ڈویژن سے تھا۔
حکومتِ پاکستان کی کوششوں اور سفارتی رابطوں کے بعد میتوں کو وطن واپس لانے کے لیے خصوصی پرواز کا انتظام کیا گیا۔