
بیجنگ: چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے رسمی پریس کانفرنس میں بیجنگ میں چین روس ایران ملاقات کے حوالے سے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن اور ایران کے جوہری مسئلے پر مشترکہ جامع منصوبہ بندی کے ایک فریق کے طور پر، چین نے ہمیشہ ایرانی جوہری مسئلے کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے، بین الاقوامی جوہری عدم پھیلاؤ کے طریقہ کار کو برقرار رکھنے اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کو فروغ دینے کی وکالت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیجنگ اجلاس چین کی تازہ ترین سفارتی کوشش ہے جس کا مقصد مواصلات اور رابطہ کاری کو مضبوط بنانا اور بات چیت اور مذاکرات کی جلد بحالی کے لیے سازگار حالات پیدا کرنا ہے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہم سمجھتے ہیں کہ تمام متعلقہ فریقوں کو تحمل سے کام لینا چاہیے تاکہ اس صورت حال میں محاذ آرائی اور تصادم سے بچا جا سکے۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ تمام فریق ایک ہی سمت میں کام کریں گے، باہمی اعتماد کو مسلسل بڑھا ئیں گے ، شکوک و شبہات کو دور کریں گے اور جلد از جلد مذاکرات کی بحالی کو ممکن بنائیں گے ۔