
امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے جنوبی افریقہ سے متعلق جاری کردہ ایگزیکٹو آرڈر کے جواب میں جنوبی افریقہ کی وزارت برائے بین الاقوامی تعلقات و تعاون نے 8 تاریخ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایگزیکٹو آرڈر کی بنیاد "حقائق کے منافی” ہے اور جنوبی افریقہ میں نوآبادیات اور نسل پرستی کی دردناک تاریخ کو نظر انداز کرتی ہے۔
ٹرمپ نے 7 تاریخ کو ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا ، جس میں کہا گیا کہ جنوبی افریقہ کا حال ہی میں نافذ کردہ "ضبطی ایکٹ” "شہری حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور جنوبی افریقی حکومت کو بغیر معاوضے کے سفید فام جنوبی افریقیوں کی زرعی زمین کو زبردستی ضبط کرنے کی اجازت دیتا ہے”۔ امریکہ جنوبی افریقہ کو کسی بھی طرح کی امداد یا مدد فراہم کرنا بند کر دے گا، اور نسلی امتیاز کے شکار سفید فام جنوبی افریقیوں کو ترجیحی انسانی امداد فراہم کرنے کے لئے مناسب اقدامات کرے گا، جس میں "پناہ گزینوں کے داخلہ پروگرام” کے ذریعے انہیں قبول کرنا اور منتقل کرنا بھی شامل ہے۔
جنوبی افریقہ کی وزارت برائے بین الاقوامی تعلقات اور تعاون کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "یہ ستم ظریفی ہے کہ ٹرمپ کا ایگزیکٹو آرڈر جنوبی افریقہ کے معاشی طور پر سب سے زیادہ مراعات یافتہ گروہوں کو پناہ گزین کا درجہ دینا چاہتا ہے جبکہ امریکہ میں رہنے والے دنیا کے دیگر حصوں سے کمزور افراد کو ان کے مشکل حالات کے باوجود ملک بدر کیا جا رہا ہے اور انہیں پناہ دینے سے انکار کیا جا رہا ہے۔” بیان میں جنوبی افریقی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وہ غلط فہمیوں اور تنازعات کو سفارتی ذرائع سے حل کرے گی۔