پاکستانٹاپ سٹوری

بشریٰ بی بی نے خود کو سرنڈر کردیا، 9 مئی سمیت 32 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

راولپنڈی (آئی پی ایس) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے خود کو سرنڈر کر دیا، راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) نے 9 مئی سمیت 32 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے تفتیشی افسران کو نوٹسز جاری کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 9 مئی سمیت دیگر 32 مقدمات میں خود کو انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے سامنے سرنڈر کر دیا۔
ملزمہ بشریٰ بی بی کی گاڑی کو عدالت کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی، بشریٰ بی بی کے وکلا نے 9 مئی کے 23 اور دیگر 9 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی تھیں۔
اے ٹی سی راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کی تمام مقدمات میں ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے حکم دیا کہ بشریٰ بی بی کو 23 جنوری تک 24 اور 27 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے درج کسی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے ۔
عدالت نے تمام 32 مقدما ت میں تفیشی افسران کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ریکارڈ طلب کرلیا، اور کیس کی مزید سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ ہیں، بشریٰ بی بی نے 24 نومبر کو پشاور سے اسلام آباد تک ’مارچ‘ کی قیادت کی تھی، احتجاجی مارچ کے وفاقی دارالحکومت میں داخل ہونے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مارچ کے شرکا میں جھڑپ ہوئی تھی، تاہم بعد ازاں احتجاج ختم کردیا گیا تھا۔
اسلام آباد میں شرپسندوں کے حملوں میں 2 پولیس اہلکار شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے، اس کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن کی پولیس نے سیکڑوں افراد کے خلاف مقدمات درج کیے تھے، ان مقدمات میں وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈا پور، بشریٰ بی بی، عمر ایوب سمیت دیگر پی ٹی آئی کے رہنما نامزد ہیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker