اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر تبادلہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 2025ء سے 2027ء کے روڈ میپ پر مفاہمتی یادداشت پر تبادلہ ہوا ہے جبکہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ کیا گیا۔
آڈیٹر جنرل آفس اور بیلاروس کی اسٹیٹ کنٹرول کمیٹی کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا جبکہ منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی فنانسنگ سمیت دیگرجرائم کو روکنے سے متعلق یادداشت پر بھی تبادلہ ہوا۔
پاکستان نیشنل ایکریڈیشن قونصل اور بیلاروس کے ایکریڈیشن سینٹر کے درمیان یادداشت کا تبادلہ ہوا جبکہ بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ سے متعلق معاہدہ ہوا۔
ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی تعاون کے سمجھوتے، این ڈی ایم اے اور بیلاروس کی وزارت کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا۔
نیو ٹیک اور بیلاروس کے فنی تعلیم کے انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا جبکہ مطلوب ملزمان کی حوالگی کا بھی معاہدہ ہوا۔
ڈریپ اور بیلاروس کی وزارت صحت کے درمیان تعاون، حلال اشیا کی تجارت کے لیے تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اور صدر بیلاروس الیگزینڈر لوکاشینکو نے مشترکا اعلامیے پردستخط کیے۔
بعد ازاں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر لوکاشینکو اور ان کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں، 8 سال کے وفقے کے بعد صدر لوکاشینکو کا دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر لوکاشینکو کی آمد پاکستان اور عوام کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگی، صدر لوکا شینکو کے لیے پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے، صدر لوکاشینکو اور وفد کے ساتھ بہت اہم معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بیلاروس کے ساتھ معاہدوں کو فوری عملی جامہ پہنائیں گے اور دو طرفہ تعاون آگے بڑھائیں گے، لوکاشینکو ایک مدبر اور بصیرت افروز رہنما ہیں، دونوں ممالک مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے سنجیدگی سے مل بیٹھیں گے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ آئی ٹی، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، آئندہ سال مفاہمتی یادداشتوں کو عملی جامہ پہنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں بچوں اور خواتین سمیت 45 ہزار نہتے افراد شہید ہوچکے، غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔